ویمن یونیورسٹی ملتان کے کانووکیشن کی تیاریاں شروع کردی گئیں

ترجمان کے مطابق ویمن یونیورسٹی ملتان کا چھٹا کانووکیشن چار دسمبر کو ہوگا ، جس کےلئے چانسلر گورنر انجینئر بلیغ الرحمان نے منظوری دے دی ہےش جس کے بعد کانووکیشن کی تقریب کےلئے تیاریاں شروع کردی گئیں ہیں۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ کی صدارت میں اہم اجلا س منعقد ہوا، جس میں رجسٹرار ڈاکٹر میمونہ خان نے رپورٹ پیش کی، اور تقریب کےلئے پلان پیش کیا۔
اس موقع پر کانووکیشن کی تقریب کو کامیاب بنانے کےلئے مختلف کمیٹیوں قیام عمل میں لایا گیا، اور ٹاسک مقرر کئے گئے۔
اجلاس میں فیصلہ کیاگیاکہ کانووکیشن کی تقریب میں شہر کی نمایاں شخصیات کو مدعو کیا جائے گا، جبکہ ضلعی انتظامیہ کے افسروں کو بھی بلایا جائے گا، جبکہ یونیورسٹی کی ایلومنیائی کوبھی دعوت دی جائے گی۔
کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر طاہرہ یونس نے شرکاء بتایا کہ تمام اسناد اور گولڈ میڈل تیار ہوچکے ہیں ، تین دسمبر کو کانووکیشن کی ریہرسل کی جائے گی، تمام طالبات کی شرکت لازمی ہوگی، جو طالبہ ریہرسل میں شرکت نہیں کرے گی وہ کانووکیشن میں شامل نہیں ہوسکے گی، جبکہ کاسٹیوم کےلئے فرم کی خدمات حاصل کرلی گئیں، جو تین دسمبر کو یونیورسٹی پہنچ جائے گی جو کرائے پر کانووکیشن کا کاسٹیوم فراہم کرے گی۔
اس موقع پر وائس چانسلر ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے کہاہے کہ یہ کانووکیشن بڑی اہمیت کا حامل ہے، اس وقت یونیورسٹی کو قائم ہوئے ایک عشرہ ہوچکا ہے اس لئے اس تقریب کی اہمیت بڑھ گئی ہے، تما م افراد کو اپنی تمام تر توانائیاں اس کو کامیاب بنانے میں لگانا ہے کانووکیشن کی تشہیر موثر انداز میں کی جائے، جس سے یونیورسٹی کا مثبت امیج بھی سامنے آئے چانسلر کے استقبال کےلئے بھی خصوصی انتظامات کئے جائیں ۔
انہوں نے پراجیکٹ ڈائریکٹر کو بھی منصوبوں کی تفصیل اور رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت کی تاکہ چانسلر کو آگاہی دی جاسکے ۔