ویمن یونیورسٹی کا آسٹریلین تنظیم کے ساتھ بڑا معاہدہ
انڈسڑی سے روابط اور خواتین کو بااختیار بنانے کے لئے ویمن یونیورسٹی ملتان اور آسٹریلیا کی سماجی تنظیم کے درمیان ایم او یو سائن ہوگیا ۔
ترجمان کے مطابق آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان تعلیمی روابط کو مضبوط بنانے کےلئے ویمن یونیورسٹی ملتان اور غیر منافع بخش اور سماجی تنظیم ’’کلچر کو محفوظ بنائے، اور تہوار منائے‘‘ کے درمیان ایم او یو سائن کرنے کی تقریب منعقد کی گئی، جس کی مہمان خصوصی وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر کلثوم پراچہ تھیں۔
تقریب میں سی سی سی کی ڈائریکٹر عظمیٰ رباب ، مینجمنٹ کنسلٹنسی انڈس یارا لنکجز کے ڈائریکٹر ثاقب اعوان کے ساتھ ساتھ رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر میمونہ خان ، ڈائریکٹر اورک ڈاکٹر کنول رحمان ، ڈاکٹر عاصمہ اکبر نے شرکت کی۔
ایم او یو کی رو سے دونوں ادارے ریسرچ کی سرپرستی کریں گے ، اور مختلف پراجیکٹ پر مل کرکام کریں گے، اس مفاہمت نامے کا مقصد خواتین کو بااختیار بنانے، علاقائی زبانوں کے تبادلے، تحفظ اور فروغ کے لیے ایک ڈیجیٹل جگہ، اور طلبہ اور اساتذہ کے تبادلے کے پروگراموں کے ذریعے تعلیمی اور تحقیقی تعامل کو فروغ دینا ہے۔
اس موقع پر وائس چانسلر ڈاکٹر کلثوم پراچہ کاکہنا تھا کہ دنیا گلوبل ولیج بن چکی ہےترقی کی راہ پر ایک دوسرے کے ساتھ ملکر چلنے میں آسانی ہوگی، ریسرچ کے میدان میں تعاون سے نت نئی چیزدریافت ہوتی ہیں۔
یہ معاہدہ ویمن یونیورسٹی کی اساتذہ اور طالبات کےلئے تحقیق کی نئی راہ کھولے گا، اس کے اثرات جنوبی پنجاب کے معاشرے پر بھی آئیں گے اور جدید تعلیم کےلئے بیرون ملک کے راستے بھی کھلیں گے ۔