Paid ad
Breaking NewsEducationتازہ ترین

یونیورسٹیوں کو تمام مضامین میں اے آئی کا کورس شامل کرنے کا حکم

ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے ملک بھر کی سرکاری و نجی جامعات کو ہدایت کی ہے کہ وہ تمام انڈر گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ ڈگری پروگرامز میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس (اے آئی) پر مشتمل تین کریڈٹ آورز کا لازمی کورس شامل کریں۔

جاری مراسلے میں کہاگیاہے کہ یہ اہم فیصلہ تیزی سے بدلتے ہوئے عالمی تعلیمی اور ٹیکنالوجی منظرنامے کے تناظر میں کیا گیا ہے جہاں اے آئی تعلیم، صحت، معیشت اور طرزِ حکمرانی سمیت مختلف شعبوں میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔

جامعات کے وائس چانسلرز کو ارسال کیے گئے خط میں ایچ ای سی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے واضح کیا ہے کہ اے آئی کی تعلیم اب محض ایک اضافی سہولت نہیں بلکہ وقت کی ناگزیر ضرورت بن چکی ہے۔

خط کے مطابق طلبہ کو ڈیجیٹل خواندگی، اخلاقی ذمہ داری، ڈیٹا پرائیویسی، شفافیت اور سماجی اثرات جیسے اہم پہلوؤں کی عملی آگاہی فراہم کرنا ضروری ہے تاکہ وہ عالمی معیار کے مطابق مہارتیں حاصل کر سکیں۔

ایچ ای سی نے ہدایت کی ہے کہ جامعات اس کورس کو بطور لازمی یا اختیاری مضمون، بین الشعبہ جاتی کورس یا متعلقہ پروگرام کے اندر معاون مضمون کے طور پر شامل کر سکتی ہیں۔ نصاب میں اے آئی کے بنیادی تصورات، مختلف شعبوں میں اس کا اطلاق، اخلاقی تقاضے، انصاف، احتساب اور ذمہ دارانہ استعمال جیسے موضوعات شامل کرنا لازم ہوگا، جبکہ اداروں کو اپنے پروگرام کی نوعیت کے مطابق مواد میں تخصیص کی بھی اجازت دی گئی ہے۔

خط میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ کورس تعلیمی سیشن خزاں 2026 سے تمام ڈگری پروگرامز میں نافذ العمل ہوگا۔ اس اقدام کا مقصد پاکستانی طلبہ کو اے آئی سے ہم آہنگ عالمی دنیا میں مؤثر کردار ادا کرنے کے قابل بنانا اور قومی معیشت کو بین الاقوامی سطح پر مسابقتی بنانا ہے۔

تعلیمی ماہرین نے اس فیصلے کو بروقت اور مستقبل کی ضروریات سے ہم آہنگ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے ملک میں ٹیکنالوجی پر مبنی تحقیق اور اختراع کو بھی فروغ ملے گا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button