بغیر ٹکٹ مسافروں کے خلاف کریک ڈاون جاری

پاکستان ریلوے کے ملتان ڈویژن میں بغیر ٹکٹ سفر کرنے والے مسافروں کے خلاف جاری خصوصی مہم کے دوران مؤثر کارروائیاں کی گئی ہیں، جس کے نتیجے میں 1,962 کیسز پکڑے گئے اور مجموعی طور پر 22 لاکھ 55 ہزار روپے سرکاری خزانے میں جمع کروا دیے گئے۔
ریلوے حکام کے مطابق اس رقم میں 20 لاکھ 65 ہزار روپے کرایہ جبکہ 1 لاکھ 90 ہزار روپے جرمانے کی مد میں وصول کیے گئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ مہم وفاقی وزیر برائے ریلوے کے ویژن کے مطابق ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ملتان کی ہدایات اور ڈویژنل کمرشل آفیسر کی نگرانی میں کامیابی سے جاری ہے۔
ترجمان کے مطابق اس کریک ڈاؤن کا مقصد ریلوے کے ریونیو کا تحفظ، ٹکٹ کے بغیر سفر کی حوصلہ شکنی اور قانون کی عملداری کو یقینی بنانا ہے۔ مختلف ٹرینوں اور ریلوے اسٹیشنز پر خصوصی چیکنگ ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں جو بلاامتیاز کارروائیاں کر رہی ہیں۔
پاکستان ریلوے نے مسافروں سے اپیل کی ہے کہ وہ سفر سے قبل ٹکٹ لازمی حاصل کریں، جو کہ ریلوے کی موبائل ایپ، خودکار ٹکٹ مشینوں یا قریبی ریزرویشن آفس سے باآسانی دستیاب ہے۔
حکام نے خبردار کیا ہے کہ بغیر ٹکٹ سفر ایک قانونی جرم ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی جاری رہے گی۔




















