ہاسٹلز کے بڑھتے اخراجات؛ حکومت کا زکریا یونیورسٹی تا خانیوال بس سروس شروع کرنے کا فیصلہ

طلباء کو درپیش بڑھتے ہوئے ہاسٹل اخراجات کے پیش نظر حکومت نے اہم فیصلہ کرتے ہوئے بہاء الدین زکریا یونیورسٹی ملتان سے خانیوال تک بس سروس فوری طور پر شروع کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق ایک اعلیٰ حکومتی وزیر نے یونیورسٹی انتظامیہ، بالخصوص وائس چانسلر کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ طلبہ کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے بس سروس کا اجرا ہر صورت یقینی بنایا جائے، سوموار سے بسوں کی باقاعدہ سروس شروع کی جائے تاکہ وہ طلبہ جو ہاسٹلز کے مہنگے اخراجات برداشت نہیں کر سکتے، روزانہ کی بنیاد پر آمد و رفت کر سکیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ خانیوال سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی نے شکایت کی تھی کہ ہاسٹل فیسوں اور دیگر اخراجات میں اضافے نے متوسط اور کم آمدن والے طلبہ کے لیے تعلیم کا حصول مشکل بنا دیا ہے۔ اسی تناظر میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ سفری سہولت فراہم کر کے طلبہ کا مالی بوجھ کم کیا جائے۔
حکومتی احکامات کے مطابق یونیورسٹی انتظامیہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ فوری طور پر بسوں کا انتظام آؤٹ سورسنگ کے ذریعے کیا جائے، تاکہ وقت ضائع کیے بغیر سروس کا آغاز ممکن بنایا جا سکے۔ اس مقصد کے لیے نجی ٹرانسپورٹ کمپنیوں سے رابطے بھی شروع کر دیے گئے ہیں۔
مزید برآں حکام نے واضح کیا ہے کہ بس سروس کے روٹس، اوقات کار اور کرایوں کا تعین طلبہ کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائے، جبکہ سیکیورٹی اور وقت کی پابندی کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔
دوسری جانب طلباء اور والدین کی جانب سے اس فیصلے کو خوش آئند قرار دیا جا رہا ہے اور امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ اس اقدام سے نہ صرف تعلیمی اخراجات میں کمی آئے گی بلکہ طلبہ کی حاضری اور تعلیمی کارکردگی میں بھی بہتری آئے گی۔














