نویں کے امتحانات میں ٹیک گروپ کے طلباء کے لئے بڑی ہدایات

ترجمان بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ملتان کا کہنا ہے کہ سال 2026 کے نہم پہلے سالانہ امتحانات کا آغاز 17 اپریل 2026 سے ہو چکا ہے، جس میں روایتی گروپ کے علاوہ ٹیک گروپ کے امیدواران شریک ہیں۔
بورڈ انتظامیہ نے تمام طلباء ، والدین اور اساتذہ کو ہدایت کی ہے کہ امیدوار رول نمبر سلپ حاصل کرنے کے بعد اس پر درج اپنے کورس کو احتیاط سے چیک کر لیں، خاص طور پر اسلامیات لازمی کے پرچہ میں بیٹھنے والے امیدواران اس بارے میں خصوصی توجہ کریں۔ اگر کسی وجہ سے امیدوار کو اپنے کورس کا پرچہ نہ ملے تو وہ فوری طور پر امتحانی سپرنٹنڈنٹ کو آگاہ کرے، کیونکہ بروقت درستگی ممکن ہو گی، لیکن بعد میں بورڈ اس کی ذمہ داری قبول نہیں کرے گا۔
والدین اور اساتذہ بچوں کو اس بات سے آگاہ رکھیں کہ امتحان میں غیر متعلقہ کورس کا پرچہ حل کرنا ممنوع ہے، اور ہر طالب علم کو صرف اس کے متعلقہ کورس کا درست پرچہ دیا جائے گا۔ امتحان ہال کے اندر موبائل فون، بالخصوص سمارٹ فون اور سمارٹ واچ لے جانا سختی سے منع ہے۔ تمام امیدواران امتحانی سنٹر پر کم از کم 30 منٹ پہلے پہنچنے کا اہتمام کریں۔ کسی بھی غلطی یا غفلت کی صورت میں نہ صرف متعلقہ امیدوار بلکہ سپروائزری سٹاف بھی جواب دہ ہو گا۔




















