زکریا یونیورسٹی کا انوکھا لاڈلہ، کھیلن کو مانگے چاند
زکریا یونیورسٹی ملتان کے سابق وائس چانسلر ڈاکٹر منصور اکبر کنڈی جن کو کرپشن کی الزامات میں سپریم کورٹ نے معطل کردیا تھا کی خواہشات نے یونیورسٹیوں کے افسروں اور ملازمین کو مشکل میں ڈال دیا ہے ۔
واضح رہے ڈاکٹر کنڈی کی وائس چانسلر شپ کی مدت 26 ستمبر کو ختم ہورہی ہے، جس کےلئے انہوں نے فرمائشیں شروع کردیں کہ ان کے اعزاز میں تقریبات منعقد کرائی جائیں، جس پر رجسٹرار آفس اور لیگل ایڈوائزر نے ان کے اعزاز میں کھانا بھی دیا ۔
یہ بھی پڑھیں ۔
زکریا یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر منصور اکبر کنڈی کے اعزاز میں عشائیہ
جس کے بعد انہوں نے پراجیکٹ ونگ سے خواہش کا اظہار کیا کہ ان کے نام سے ایک ٹاور آف یونٹی قائم کیا جائے، جس کا افتتاح وہ خود کریں گے، اس خواہش نے پورے شعبہ کو پریشان کردیا، پراجیکٹ ڈائریکٹر سے لیکر سب انجینئر تک کو سمجھ نہیں آرہی ہے کس طرح اس معاملے کو ٹالا جائے۔
انہوں نے یونیورسٹی کے دیگر افسروں کو بھی حکم دیا کہ یہ ٹاور بنایا جائے، مگرکوثئی بھی یہ بوجھ اٹھانے کو تیار نہیں کیونکہ اس کو کس مد میں بنایا جائے اور اس کی توجیح کیا پیش جائے، کوئی بتانے کو تیار نہیں ہے ،جبکہ سابق وی سی کے مسلسل فونز کی وجہ سے افسروں نے کال اٹینڈ کرنا چھوڑ دی ہے۔
دوسری طرف ڈاکٹر منصور اکبر کنڈی نے میڈیا کی توجہ حاصل کرنے کےلئے سٹنٹ کرنے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے، پہلے صبح کے اوقات میں ان کی نامناسب لباس میں واک زیر بحث رہی، اب انہوں نے یونیورسٹی میں رکشہ چلانا شروع کردیا ہے۔
لوکل میڈیا کی طرف سے توجہ نہ ملنے پر انہوں نے اپنی آبائی شہر ڈی آئی خان سے یہ خبر جاری کروائی اور سوشل میڈیا پر چلوائی کہ آج ان کے اعزاز میں پھر الوداعی تقریب منعقد کرائی جارہی ہے، جس میں انکی خواہش کے مطابق محفل موسیقی کا اہتمام بھی کیا گیا ہے ۔
اس صورتحال سے یونیورسٹی کی سنجیدہ فیکلٹی پریشان ہے کہ ایک سینئر ٹیچر اور وائس چانسلر کو ایسے اقدام زیب نہیں دیتے، ان کو اپنے اور ادارے کی تقدس کا خیال رکھنا چاہیے ۔