ہمیں اپنے دشمن کو پہچاننے کی ضرورت ہے : چانسلر و گورنر پنجاب انجینئر بلیغ الرحمان
چانسلر و گورنر پنجاب انجینئر بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ وہی قومیں ترقی کرتی ہیں جن کا معاشی نظام مضبوط ہو، ہمیں اپنے دشمن کو پہچاننے کی ضرورت ہے، جنوبی پنجاب میں ہر سطح پر تعلیم کو عام کر رہے ہیں، ملکی ترقی اور خوشحالی میں خواتین کا کردار بڑی بنیادی اہمیت کا حامل ہے، اور خواتین کو با اختیار بنانے کے لئے اعلی و معیاری تعلیم بہترین ذریعہ ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے خواتین یونیورسٹی ملتان کے چھٹے(6) کانووکیشن سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کیا۔
یہ بھی پڑھیں ۔
ویمن یونیورسٹی کانووکیشن : 1663 کو ڈگریاں، 55 کو گولڈ میڈل، 25 پی ایچ ڈی سکالرز کو ڈگریاں تفویض
انہوں نے کہا کہ طلباء نئے علوم و فنون میں مہارت اور جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کر کے ترقی کے سفر میں کامیابی حاصل کر سکتے ہیں، وہ ویمن یونیورسٹی کے چھٹے کانووکیشن کی تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں بحیثیت چانسلر دی ویمن یونیورسٹی ملتان کی تمام طالبات کو مبارکباد پیش کرتا ہوں جو تاریخی شہر ملتان کے قابلِ فخر تعلیمی ادارے سے اپنی تعلیم مکمل کرنے کے بعد آج سند فراغت حاصل کررہی ہیں۔
آپ کے والدین اور اساتذہ بھی مبارکباد کے مستحق ہیں کیونکہ اس کامیابی کو ان کی محنت، محبت اور تعاون نے ممکن بنایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج مجھے فخر محسوس ہو رہا ہے کہ ویمن یونیورسٹی کی فیکلٹی اور طالبات علم و تحقیق کے شعبوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔
انسان کا کردار اس کا بنیادی زیور ہے جس سے ہر انسان کو خود کو آراستہ کرنا چاہیے، اور یہی اصل کامیابی ہے۔
ریسرچ کیسی بھی جامعہ کی ریڑھ کی ہڈی ہے، انتخابات میں اپنے ووٹ کا استعمال آپ نوجوانوں کے فرائض میں شامل ہے، لہذا حقائق اور اعداد وشمار کو سامنے رکھتے ہوئے مستقبل کی قیادت کا انتخاب کرنا آپ کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ن لیگ نے ماضی میں اپنے دور اقتدار میں تعلیم کے فروغ اور تعلیمی اداروں کے قیام کے سلسلے میں مثالی اقدامات کئے تھے۔
مسلم لیگ ن کی حکومت نے 2013ء سے 2017ء تک تعلیمی بجٹ 34 ارب سے بڑھا کر 120 ارب کیا، جبکہ بعد میں آنیوالی حکومت نے اس میں کمی کر کے 60 ارب کر دیا۔
گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے ملک و قوم کی حقیقی اور پائیدار ترقی کے لئے ہمیشہ جدید تعلیم کے حصول میں معاون لیب ٹاپ کی فراہمی، صحت کی مثالی سہولتیں اور ذرائع نقل حمل کے لئے بہترین روڈز ایسے منصوبے پیش کیے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ آپ اسے اتفاق ہی کہیے کہ جب سے ہم حکومت میں آئے ہیں، ہمیں بہت سے چیلنجر کا سامنا ہے معیشت زبوں حالی کا شکار ہے، مہنگائی کا طوفان برپا ہے اور اس پر حالیہ دہشت گردی کی لہر، یہ سب مسائل کسی بھی حکومت کے راستے کی رکاوٹ بن سکتے ہیں۔
2018 میں ہمارا ملک پوری دنیا میں معاشی اعتبار سے 24 ویں نمبر پر تھا لیکن پھر وطن دشمنوں کی سرگرمیوں اور نااہلی نے ہمیں 44 ویں نمبر پر لاکر کھڑا کر دیا ہے، ہمیں اس بات کا احساس ہے کہ وہی قومیں ترقی کرتی ہیں جن کا معاشی نظام مضبوط ہو، جن کے عوام کو صحت کی تمام تر سہولتیں میسر ہوں اور جن کے نوجوان اعلیٰ تعلیم یافتہ ہوں۔
ہمارا ایمان ہے کہ ایک دیانت دار اور ان تھک محنت کرنے والا لیڈر ہی اپنی قوم کی کشتی کو طوفانوں سے نکال سکتا ہے۔ ہمارے لیڈر سابق وزیراعظم شہباز شریف نے یہی کر دکھایا ہے۔ انہوں نے ہر مسٔلے کو بخوبی حل کیا۔ فوری اور مضبوط اقدامات کئے جس سے ہماری معیشت مستحکم ہوئی، اور ہم FATF کی گرے لسٹ سے باہر ہو گئے۔ ڈالر کی بڑھتی قیمت کو کنٹرول کرلیا گیا اور اب روپیہ کی قدر مستحکم ہورہی ہے۔ سٹاک ایکسچینج میں بہتری آئی ہے اور انڈیکس پوائنٹس میں اضافہ ہوا ہے۔
زراعت کی ترقی کے لیے بھی ایسے اقدامات کیے گئے ہیںز جس سے کسان کی مشکلات میں کمی آئی ہے اور کسان خوشحالی کی جانب گامزن ہوا ہے۔
یہ وقت کی اشد ضرورت ہے کہ ہم سب مل کر بحیثیت قوم دہشتگردی اور نفرت کی سیاست کا مقابلہ کریں۔ ان عناصر کی بیخ کنی کریں جو پاکستان کی بنیاد کو کھوکھلا کرکے نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔ ہمیں اپنے دشمن کو پہچاننے کی ضرورت ہے۔
یہ آئی ٹی اور سوشل میڈیا کا دور ہے، ہر بات جنگل کی آگ کی طرح پھیل جاتی ہے ملک دشمن عناصر اسی آئی ٹی کا سہارا لے کر آپ کے درمیان نفرت کی دیواریں کھڑی کررہے ہیں۔ لیکن آپ محبت کے پیغام کو عام کریں اور لوگوں کو سمجھائیں کہ منافرت کا زہر ایسا نقصان پہنچاتا ہے جس کا ازالہ ممکن نہیں۔ معاشرے کو سدھارنے کےلیے ہمیں آپ جیسے تعلیم یافتہ نوجوانوں کی ضرورت ہے۔ آپ ہمارا مستقبل ہمارا اثاثہ ہیں۔
میں سمجھتا ہوں کہ ہمیں تعلیم کے میدان میں کام کرنے کی ضرورت ہے۔ اسی لیے ہم پنجاب خصوصاً جنوبی پنجاب میں ہر سطح پر تعلیم کو عام کررہے ہیں تاکہ پسماندہ سے پسماندہ علاقہ بھی تعلیم کی روشنی سے محروم نہ رہے۔
ہم زرعی تعلیم کو بھی عام کررہے ہیں، اور یہ تعلیم تحقیقی اور سائنسی بنیادوں پر قائم ہے۔ آپ سے ہماری بہت امیدیں وابستہ ہیں۔ پاکستان کی آبادی کا 70فیصد نوجوانوں پر مشتمل ہےز اسی لیے قائداعظم نے فرمایا تھا کہ پاکستانی قوم کی تعمیر وترقی کا بوجھ آپ کے شانوں پر ہے۔ وقت آگیا ہے کہ آپ اپنے خوابوں کی منزل کو تلاش کریں اور اسے حقیقت کاروپ دیں۔ مجھے یقین ہے کہ آپ اعلیٰ انسانی اور اخلاقی اقدار کو نہ صرف سمجھیں گی بلکہ ان کی پاسداری بھی کریں گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مجھے خوشی ہے کہ آپ کی یونیورسٹی عالمی سطح پر اپنی شناخت قائم کرنے کے ساتھ اپنے ملک کا نام بھی روشن کررہی ہے۔ ٹائمز ہائیر ایجوکیشن کی فہرست میں پاکستان بھر میں خواتین کی تیسری بہترین یونیورسٹی کا اعزاز پانا اور اقوام متحدہ کے 17SDG Targets میں Impact ranking میں دنیا بھر کی خواتین یونیورسٹیوں میں تیسری پوزیشن حاصل کرنا نہایت قابلِ تحسین ہے۔
یونیورسٹی کی سطح کے تعلیمی ادارے ہمیشہ تحقیق سے اپنی درجہ بندی کو مضبوط بناتے ہیں، مجھے یہ سن کر مسرت ہوئی کہ آپ کے گیارہ تحقیقی جرنلز Y کیٹیگری میں آ چکے ہیں، 58 تحقیقی پراجیکٹس مکمل ہوچکے ہیں، اور فیکلٹی کے ایک سال میں یعنی صرف 2023 میں 238 مقالات طبع ہوچکے ہیں۔
آپ کی ترقی ہمارے لیے بھی باعث فخرو ستائش ہے، آپ نے مستقبل کی انتظامیہ کو مضبوط بنیاد فراہم کی ہے اور دی ویمن یونیورسٹی ملتان کی تاریخ میں ایک سنہرا باب رقم کیا ہے۔
میں ان تمام اعزازات کے حصول پر آپ کی وائس چانسلر صاحبہ اور اساتذہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ آپ نے انتہائی کم وقت میں بےشمار حیرت انگیز کامیابیاں سمیٹ لی ہیں۔
ایک بار پھر ڈگری حاصل کرنے والی طالبات، ان کے والدین اور اساتذہ کو مبارک باد پیش کرتا ہوں اور دُعا گو ہوں کہ یہ ہونہار طالبات اپنا، اپنی مادرِ علمی اور ملک وقوم کا نام روشن کریں ۔