Paid ad
Breaking NewsEducationتازہ ترین

اساتذہ موبائل لائبریری منصوبے کو کامیاب بنائیں : سیکریٹری سکولز

سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب رانا سلیم احمد خان نے کہا ہے کہ تعلیمی اداروں میں موبائل لائبریریوں سے بچوں میں سیکھنے کی استعداد کو بہتر بنانے، علم کے فروغ اور طلبہ میں کتب بینی و تحریر نگاری کے ذوق کو اجاگر کرنے میں مدد ملے گی، اساتذہ قومی ذمہ داری کے طور پر اس منصوبے کو کامیاب بنائیں۔

وہ گزشتہ روز قائداعظم اکیڈمی آف ایجوکیشن ڈویلپمنٹ نواں شہر ملتان میں موبائل لائبریریوں کے حوالے سے اساتذہ کی تربیتی ورکشاپ کے جائزے کے دوران شرکاء سے خطاب کر رہے تھے۔
اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری آغا ظہیر عباس شیرازی بھی ان کے ہمراہ تھے۔

یہ بھی پڑھیں ۔
موبائل لائبریریوں کے قیام کا منصوبہ

تربیتی ورکشاپ کا انعقاد محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب اور ادارہ تعلیم و آگہی پاکستان کے اشتراک سے کیا گیا تھا۔

سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب رانا سلیم احمد خان نے کہا کہ پہلے مرحلے میں ملتان کے تعلیمی اداروں میں ادارہ تعلیم و آگہی کی معاونت سے ‘کتاب گاڑی’ کے ذریعے طلبہ کو کتب بینی سے روشناس کرایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ موبائل لائبریریوں کا منصوبہ بچوں کے چہروں پر مسکراہٹوں اور خوشیوں کے ساتھ ساتھ علم کے فروغ اور نت نئے آئیڈیاز کا ذریعہ بنے گا، ‘کتاب گاڑی’ مختلف سکولوں اور عوامی مقامات پر بھیجی جائے گی، ‘کتاب گاڑی’ کی تربیتی ورکشاپ کا مقصد تعلیمی اداروں کے زیادہ سے زیادہ بچوں کو موبائل لائبریری کی طرف راغب کرنا، تفریح، تعلیم و تربیت اور انہیں کتب بینی کے جذبے سے حقیقی معنوں میں روشناس کرانا ہے۔

دریں اثنا سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب نے ٹریننگ ورکشاپ کے جائزے کے دوران شرکاء سے سوال کیے اور موبائل لائبریریوں کے مختلف پہلوؤں سے آگہی حاصل کی۔

محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب کی طرف سے ‘کتاب گاڑی’ کی فوکل پرسن بریحہ زینب جب کہ ادارہ تعلیم و آگہی پاکستان کی طرف سے پاکستان لرننگ فیسٹیول کی پروگرام منیجر ماریہ محمود اور ڈسٹرکٹ مینیجر پروگرامز شوکت حسین نے اساتذہ کو تربیتی ورکشاپ میں ٹریننگ دی، اور انہیں ‘کتاب گاڑی’ کے مقاصد سے آگاہ کیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب رانا سلیم احمد خان اور ادارہ تعلیم و آگہی پاکستان کی سی ای او بیلا رضا جمیل نے باہمی تعاون کی ایک یادداشت پر دستخط کیے تھے، جس کے تحت تعلیمی اداروں میں موبائل لائبریریاں لانچ کرنے کا منصوبہ شروع کیا گیا، جب کہ گزشتہ ماہ محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب اور ادارہ تعلیم و آگہی کے اشتراک سے ملتان میں پہلی مرتبہ پاکستان لرننگ فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا تھا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button