اساتذہ کی کارکردگی جانچنے کیلئے سخت مانیٹرنگ سسٹم لاگو کرنے کا فیصلہ
کمشنر ملتان ڈویژن اشفاق احمد چوہدری کی زیر صدارت ملتان پبلک سکول میں ملتان ایجوکیشنل ٹرسٹ کا اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں اساتذہ کی کارکردگی جانچنے کیلئے سخت مانیٹرنگ سسٹم لاگو کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے کہا کہ ملتان پبلک کو نامور ادارہ بنانے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔
ادارے کا معیار تعلیم بہتر کرنے کیلئے اساتذہ کی استعداد کار میں اضافہ اور جدید دور کے پیش نظر تعلیمی اداروں کا معیار بلند کرنا ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ معیاری تعلیم کی بدولت ہی ہم دنیا کا مقابلہ کر سکتے ہیں ، اور اپنے ملک کو مہذب اور تعلیم یافتہ ممالک کی صفوں میں شامل کر سکتے ہیں۔
ملتان پبلک سکول و کالج ہمارا اہم تعلیمی ادارہ ہے اور اس کے معیار تعلیم کو ہر صورت عالمی معیار کے مطابق بنایا جائے گا۔
کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے مزید کہاکہ ملتان پبلک سکول کے بہتر تدریسی عمل کے ساتھ ساتھ ہمیں اس کی ضروریات کو بھی اپ ڈیٹ کرنا ہے، ٹرانسپورٹ، سوئمنگ پول اور گھڑ سواری سمیت دیگر تمام امور میں طلباءو طالبات کے لئے ٓآسانیاں پیدا کرنا ہوں گی تاکہ وہ ملک و قوم کا نام روشن کر سکیں ۔
اجلاس میں ایس او ایس ویلج کے بچوں کو سکول میں مفت تعلیم کیلئے 5 فیصد کوٹہ دینے کی بھی منظوری دی گئی، جبکہ بہترین کارکردگی پر تدریسی سٹاف کو ستائش اور مراعات دینے پر غور کیا گیا۔
جبکہ بتایا گیا کہ ملتان پبلک سکول گرلز برانچ میں کیفیٹیریا تکمیل کے مراحل میں داخل ہوگیا ہے۔
سکول کے رائیڈنگ کلب کی تزین و آرائش ،مرمت و کشادگی ،گرلز برانچ میں نیو بلاک کی تعمیر، بوائز برانچ میں ہاسٹل کی تعمیر کے معاملات پر نظر ثانی کا فیصلہ کیا گیا۔
جبکہ اساتذہ کی تنخواہوں میں اضافہ و دیگر بجٹ معاملات پر بجٹ کمیٹی کے ریمارکس طلب کئے گئے اور اساتذہ کی بہترین کارکردگی کی جانچ کے بعد بونس دینے بارے بھی غور کیا گیا۔
اجلاس میں پرنسپل عظمی خان نے تفصیلی بریفنگ دی ، جبکہ ایڈیشنل کمشنر سرفراز احمد، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر رانا اخلاق ،ملتان ایجوکیشنل ٹرسٹ کے تمام ممبران موجود تھے۔