ملتان : تعلیمی بورڈ کے ملازم پر انسانی سمگلنگ کا الزام، لاکھوں بٹور لئے
ملتان تعلیمی بورڈ کے ملازم نے انسانی سمگلنگ کے کاروبار کرنے والے ساتھی سے مل کر یورپ بھجوانے کا جھانسہ دیکر شہریوں سے لاکھوں لوٹ لئے، ملزمان پر ایف آئی اے کے طلبی نوٹسز کا بھی اثر نہیں ہوا، رقم واپس کرنے کے بجائے متاثرین کو سنگین نتائج کی دھمکیاں ، متاثرین کا ایف آئی اے حکام سے ملزمان کو فوری گرفتار کر کے رقم واپس دلوانے کا مطالبہ،
تفصیل کے مطابق تعلیمی بورڈ آفس ملتان کے ملازم عمیر سہیل ولد اشرف اور کہکشاں گلی نمبر 1 گلگشت کالونی کے رہائشی عرفان احمد ولد نذر حسین نے یورپ جانے کے خواہشمند حیدر علی ولد شاہین جاوید سے پولینڈ بھجوانے کے لئے 36 لاکھ طلب کئے، حیدر علی نے اپنا پلاٹ اور گھر کے زیورات فروخت کرکے بزریعہ چیک گواہوں محمد فہد اور محمد بلال کی موجودگی میں 20 لاکھ روپے ادا کئے، باقی رقم ویزہ ملنے پر ادا کرنے کا کہا، اس دوران ملزمان نوسربازوں نے کہا کہ پاسپورٹ اور دیگر دستاویزات پولینڈ سفارت خانے جمع کروا دیئے ہیں، جلد آپ کو اسلام آباد جانا پڑے گا لیکن آج تک ویزہ نہیں آیا اور نہ ہی رقم واپس کی بلکہ ملزمان ٹال مٹول سے کام لیتے رہے اور الٹا سنگین نتائج کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔
متاثرہ شہری حیدر علی نے ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے ملتان کو درخواست دیدی، جس پر انکوائری آفیسر مقرر کرکے تحقیقات کا حکم دیا۔
انکوائری آفیسر بے ملزمان کو 25 جون 2024 کو طلب کیا لیکن با اثر ملزمان نے طلبی نوٹس کی پرواہ نہ کی، جس پر متاثرہ شہری نے اعلیٰ حکام سے ملزمان کی گرفتاری اور لوٹی ہوئی رقم واپس کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔