زکریا یونیورسٹی: آئی بی ایف کا دو سالہ ایم بی اے کرانے کافیصلہ
بہاء الدین زکریا یونیورسٹی کے شعبہ انسٹیٹیوٹ آف بینکنگ اینڈ فنانس نے نیشنل اور انٹر نیشنل مارکیٹ میں نوکریوں اور بزنس کے بدلتے ہوئے تقاضوں کے مطابق چھ مختلف شعبوں میں دو سالہ ایم بی اے کروانے کے لیے داخلے کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔
ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف بینکنگ اینڈ فنانس زکریا یونیورسٹی ملتان ڈاکٹر احمد تسمان پاشاہ نے کہا ہے کہ ان کا ڈیپارٹمنٹ دنیا بھر میں بزنس اور کاروبار کے بدلتے ہوئے ٹرینڈ کے مطابق ڈگری کورسز متعارف کروا رہا ہے تاکہ یونیورسٹی سے فارغ التحصیل گریجویٹس کو نہ صرف اندرون ملک بلکہ بیرون ممالک میں بھی اچھی جابز مل سکیں اور وہ اچھے کاروباری انٹرپرینور ثابت ہوں۔
انہوں نے کہا ہے کہ ایم بی اے ڈیجیٹل مارکیٹنگ ایم بی اے انشورنس اور رسک مینجمنٹ ایم بی اے مارکیٹنگ اینڈ فنانشل سروسز ایم بی اے ہیومن ریسورس مینجمنٹ ایم بی اے اسلامک بینکنگ ویک اینڈ اور ایوننگ پروگرامز ہیں جبکہ ایم بی اے بینکنگ اینڈ فنانس مارننگ ایوننگ پروگرامز کی ریگولر کلاسز ہوں گی، اس کے علاوہ ڈیپارٹمنٹ نے ایم بی اے بزنس ایڈمنسٹریشن دو سالہ اور ریسرچ پوسٹ گریجویٹ ریسرچ کوالیفکیشن ایک سالہ پروگرام بھی شروع کیا ہے۔
ان تمام شعبوں میں داخلے کے لیے آخری تاریخ 9 ستمبر مقرر کی گئی ہے جبکہ ان کے لیے داخلہ ٹیسٹ 11 ستمبر کو دن 11 بجے انسٹیٹیوٹ آف بینکنگ اینڈ فنانس زکریا یونیورسٹی ملتان میں ہوں گے۔