زکریا یونیورسٹی ملتان : سوشیالوجی ڈیپارٹمنٹ میں پراجیکٹ کی نمائش

ڈیپارٹمنٹ آف سوشیالوجی بہاء الدین زکریا یونیورسٹی کے زیر اہتمام پوسٹرز کے ذریعے طلبہ و طالبات میں معاشرتی مسائل کو اجاگر کرنے اور ان کے حل کے حوالے سے تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں طلبہ و طالبات نے معاشرے کے مختلف موضوعات کو پوسٹرز پر اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے حل کے حوالے سے بھی اپنی آئیڈیاز شیئر کیے۔
تقریب کا افتتاح ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر عمر فاروق زین نے کیا، اس موقع پر چیئرمین ڈیپارٹمنٹ آف سوشیالوجی پروفیسر ڈاکٹر کامران اشفاق، پروفیسر ڈاکٹر امتیاز وڑائچ، ڈاکٹر شبیر گجر، ڈاکٹر صبغہ نور، تہمینہ ستار، ڈاکٹر مرید حسین، ڈاکٹر صائمہ افضل اور محمد فاروق بھی ان کے ہمراہ تھے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مہمان خصوصی پروفیسر ڈاکٹر فاروق زین کا کہنا تھا کہ اس قسم کے ایونٹس کے انعقاد طلبہ و طالبات میں چھپی ہوئی خداداد تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کا سبب بنتا ہے، اس قسم کے ایونٹس کو تسلسل کے ساتھ جاری رکھنا چاہیے انہوں نے کہا کہ سو شیالوجسٹ معاشرے کی محرومیوں کو اجاگر کرنے اور ان کے حل میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اور انہیں یہ دیکھ کر خوشی ہو رہی ہے کہ بچوں میں اس حوالے سے تخلیقی صلاحیتیں موجود ہیں اور یہ مستقبل کے سوشیالوجسٹ معاشرے میں اہم کردار ادا کریں گے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین ڈیپارٹمنٹ آف سوشیالوجی پروفیسر ڈاکٹر کامران اشفاق کا کہنا تھا کہ ڈیپارٹمنٹ آ ف سوشیالوجی معاشرتی مسائل کو حل کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، اس قسم کی تقریبات کے انعقاد سے بچوں میں تخلیقی صلاحیتیں پیدا ہوتی ہیں مستقبل میں بھی ہم اس قسم کی تقریبات کا انعقاد جاری رکھیں گے، انہوں نے پروگرام کوارڈینیٹر ڈاکٹر تہمینہ ستار کو کامیاب ایونٹ کے انعقاد پر مبارکباد دی۔
تقریب میں 100سے زائد گروپس نے معاشرتی مسائل کو پوسٹرز کے ذریعے اجاگر کرنے کی کوشش کی اور مہمانوں کو اپنے پروجیکٹس کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔




















