ویمن یونیورسٹی ملتان : ڈاکٹر عظمیٰ قریشی نے قائم مقام وائس چانسلر کا چارج سنبھال لیا

پروفیسر ڈاکٹر عظمیٰ قریشی نے ویمن یونیورسٹی ملتان کی قائم مقام وائس چانسلر کا چارج سنبھال کر اپنے فرائض کا آغاز کر دیا ہے۔
ترجمان کے مطابق پروفیسر ڈاکٹر عظمیٰ قریشی کا یونیورسٹی پہنچنے پر رجسٹرار ڈاکٹر دیبا شہسوار نے ان کا استقبال کیا، اس موقع پر آفیسرز اور اساتذہ موجود تھے چارج سنبھالتے ہی ڈاکٹر عظمیٰ قریشی نے یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات کے اساتذہ اور انتظامی افسران سے ملاقاتیں کیں ان ملاقاتوں میں انہوں نے تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنانے، تحقیقی سرگرمیوں کو فروغ دینے اور طالبات کے لیے جدید تعلیمی سہولیات فراہم کرنے پر تبادلہ خیال کیا۔
اساتذہ نے ڈاکٹر عظمیٰ قریشی کے دوبارہ تقرر پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائیش انتظامی افسران سے ملاقات میں ڈاکٹر عظمیٰ قریشی نے کہا نے یونیورسٹی کے نظام کو مزید شفاف اور موثر بنانے، طالبات کے مسائل کے فوری حل، اور تعلیمی کیلنڈر پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں۔
انہوں نے کہا کہ انتظامی امور میں طالبات کی سہولت کو اولین ترجیح دی جائے گی ویمن یونیورسٹی ملتان میرا دوسرا گھر ہے۔ مجھے ایک بار پھر اس عظیم ادارے کی خدمت کا موقع ملنے پر بے حد خوشی ہے۔ میری اولین ترجیح طالبات کو اعلیٰ تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں عملی زندگی میں کامیابی کے لیے ضروری ہنر سکھانا ہے۔ ہماری ٹیم تحقیق، جدت اور خواتین کی تعلیم کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ وہ اپنے پچھلے دور میں شروع کیے گئے منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں گی اور نئے منصوبوں کا آغاز بھی کریں گی۔ انہوں نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ جدید تدریسی طریقے اپنائیں اور طالبات کو تحقیقی سرگرمیوں میں بھرپور شرکت کی ترغیب دیں۔
وائس چانسلر نے کہا کہ وہ بین الاقوامی تعلیمی اداروں کے ساتھ مفاہمت کی یادداشتیں بڑھانے، صنعتی روابط استوار کرنے اور طالبات کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کی کوشش کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی تعلیم میں معیار اور رسائی کو یقینی بنانا ہمارا مشن ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ پروفیسر ڈاکٹر عظمیٰ قریشی ایک معروف تعلیمی ماہر ہیں، جن کا تدریس اور انتظامی امور میں طویل تجربہ ہے، ڈاکٹر عظمیٰ قریشی اس سے قبل 6 اگست 2019 سے 5 اگست 2023 تک ویمن یونیورسٹی ملتان کی باقاعدہ وائس چانسلر کے طور پر خدمات انجام دے چکی ہیںز ان کے پچھلے دور میں ویمن یونیورسٹی ملتان نے متعدد تعلیمی اور تحقیقی اعزازات حاصل کیے تھے۔
اب ایک بار پھر ان کی قیادت میں یونیورسٹی کے تعلیمی افق کو مزید وسیع کرنے کی توقع ہے ان کے پچھلے دور میں یونیورسٹی میں تعلیمی اور انتظامی اصلاحات پر خصوصی توجہ دی گئی، جبکہ تحقیق، جدت اور طالبات کی پیشہ ورانہ تربیت کو فروغ دیا گیا۔




















