زکریا یونیورسٹی : سینڈیکیٹ کے الیکشن، پروفیسرز بھی غلط ووٹ کاسٹ کرتے رہے

زکریا یونیورسٹی کی سینڈیکیٹ کے انتخابات گزشتہ روز منعقد ہوئے جن کی نگرانی رجسٹرار نے کی، الیکشن کمیشن کے جاری کردہ نتائج ل کے مطابق بزوٹا گروپ اور یو ٹی ایف گروپ نے دو، دو نشستیں حاصل کر کے مقابلہ برابر کر دیا۔
پروفیسرز کی نشست پر ڈاکٹر سفینہ ناز نے 56 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی، جبکہ ان کی مدمقابل ریحانہ 51 ووٹ حاصل کر سکیں۔ اس نشست پر ایک پروفیسر نے دونوں کو ووٹ دیا اور ایک نے خالی بیلٹ پیپر ڈالا جس پر دونوں ووٹوں کو مسترد کر دیا گیا، پی ایچ ڈی اور پروفیسرز کا یہ عمل لمحہ فکریہ ہے۔
ایسوسی ایٹ پروفیسر کی نشست پر ڈاکٹر ثمرہ مسعود نے 54 ووٹ لے کر کامیابی اپنے نام کی، جبکہ خاور نوازش 50 ووٹ حاصل کر سکے اسسٹنٹ پروفیسر کی نشست پر ڈاکٹر امداد اللہ 99 ووٹ لے کر واضح برتری کے ساتھ کامیاب قرار پائے، جبکہ عامر 90 ووٹ حاصل کر سکے۔
لیکچرر کی نشست پر ساجد طفیل نے 44 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی، جبکہ رؤف 42 اور وقاص 7 ووٹ حاصل کر سکے، اس طرح کامیاب امیدواروں میں پروفیسر کی نشست پر ڈاکٹر سفینہ ناز، ایسوسی ایٹ پروفیسر کی نشست پر ڈاکٹر ثمرہ مسعود، اسسٹنٹ پروفیسر کی نشست پر ڈاکٹر امداد اللہ اور لیکچرر کی نشست پر ساجد طفیل شامل ہیں۔
اس موقع پر کامیاب امیدواروں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ یونیورسٹی میں تعلیمی معیار کی بہتری، اساتذہ کے مسائل کے حل اور ادارے کی ترقی کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔
ڈاکٹر سفینہ ناز کا کہنا تھا کہ وہ اساتذہ کے اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کریں گی اور جامعہ میں مثبت تبدیلی لائیں گی، ڈاکٹر ثمرہ مسعود نے کہا کہ وہ ایسوسی ایٹ پروفیسرز کے حقوق کے تحفظ کے ساتھ ساتھ تعلیمی ماحول کو مزید بہتر بنانے کے لیے کام کریں گی۔
ڈاکٹر امداد اللہ نے کہا کہ اساتذہ کے مسائل کے حل اور میرٹ کے فروغ کو یقینی بنائیں گے، جبکہ ساجد طفیل کا کہنا تھا کہ وہ لیکچررز کی نمائندگی کرتے ہوئے ان کے مسائل کو مؤثر انداز میں اجاگر کریں گے۔




















