ایمرسونینز کا وفد ایمرسن یونیورسٹی پہنچ گیا، وائس چانسلر سے ملاقات
وائس چانسلر ایمرسن یونیورسٹی ملتان پروفیسر ڈاکٹر محمد رمضان سے ایمرسن کے سابق طلباء کی تنظیم ایمرسونین کے وفد کی ملاقات ہوئی، اس موقع پر وائس چانسلر ایمرسن یونیورسٹی ملتان پروفیسر ڈاکٹر محمد رمضان نے ایمرسونین کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بی ایس کی سطح پر یونیورسٹی میں بیس سے زائد جدید مضامین کا اجراء کیا جا چکا ہے، جبکہ ایم فل کی کلاسز کا پہلا سیشن جاری ہے، جلد ہی پی ایچ ڈی کی کلاسز کا اغاز کیا جا رہا ہے۔
طلباء کی سہولت کے لئے ای روز گار ای لیب، جاب پلیس منٹ کا قیام عمل لایا جا چکا ہے تاکہ دروان تعلیم باعزت روزگار کما سکیں۔
وائس چانسلر نے کہا کہ یونیورسٹی میں اکیڈمک بلاک و دیگر شعبہ جات کے جلد قیام کی اشد ضرورت ہے تاکہ ادارہ میں بڑھتی تعداد کے پیش نظر عمارت کو مزید وسعت دی جاسکے۔
ملاقات کے دروان ایمرسونین کے وفد نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ یونیورسٹی کی ترقی کے لئے وائس چانسلر کی ہر طرح سے معاونت کریں گے، اور جہاں تک ممکن ہو گا ادارے کی ترقی و فلاح و بہبود کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں اور وسائل بروئے کار لائیں گے۔
وفد میں نامور صحافی و ادیب اکمل ونیس، ممتاز ماہر صحت پروفیسر ڈاکٹر ہارون پاشا، ممتاز ماہر تعلیم و پرنسپل علمدار کالج پروفیسر علی سخنور و معروف سماجی شخصیات شامل تھیں۔