ایئر یونیورسٹی میں فٹبال لیگ شروع ہوگئی
ڈائریکٹر کیمپس ایئر یونیورسٹی ملتان کیمپس چک 5 فیض ڈاکٹر غلام علی نے فٹ بال لیگ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کھیل صحت مند زندگی کے حصول کیلئے نہایت ضروری ہے ۔
کھیل صرف تفریح کا ذریعہ ہی نہیں بلکہ جسم کو چاق و چوبند اور صحت مند بنانے کا بھی ذریعہ ہے ۔ کھیلنے سے دماغ تر وتازہ ہوتا ہے، اور ایسی قائدانہ صلاحیتوں کو ابھارتا ہے جو کوئی اور چیز نہیں ابھار سکتی ۔
اگر کھیل نہ ہو تو ہمارا جسم بالکل لاغر و کمزور ہو جاتا ہے۔ بہت سی بیماریاں اس کو گھیر لیتی ہیں اور وہ جلد بڑھاپے کی طرف بڑھنا شروع کر دیتاہے ۔ اور اس کی خود اعتمادی لڑکھڑانے لگتی ہے ۔
کھیل خواہ کسی بھی قسم کے ہوں ہر طرح سے انسانی نشونما پر اثر ڈالتے ہیں انڈورکھیل ، جس میں چیس ، لوڈو ، کیرم ، سکواش ، سنوکر، ٹیبل ٹینس ، سکربل اور ڈارٹ وغیرہ شامل ہیں ۔
اس سے دماغی صلاحیتوں میں اضافہ ہوتا ہے اور ذہنی قابلیت بھی ابھرتی ہے ۔ آوٹ ڈورکھیل ، جس میں کرکٹ، فٹ بال ، باسکٹ بال ، والی بال ، مختلف قسم کی دوڑیں ، ٹینس اور بیڈمنٹن وغیرہ سرِ فہرست ہیں ، جو ہمارے جسم کو چست ، لچکدار اور پھرتیلا بناتے ہیں ۔ جو بچہ فزیکل فیٹنس کے اصول سے واقف ہو وہ خود کو ہر کھیل کے مطابق ڈھال سکتا ہے ۔ اور اس سے اس کی انفرادی اور اجتمائی طور پر کام کرنے کی صلاحیت بھی ظاہر ہو تی ہے ۔
کھیل کی اہمیت کو مدِ نظر رکھتے ہوئے ایئر یونیورسٹی ملتان کیمپس نے بھی اس میدان میں قدم رکھ دیا ہے ۔
تقریب کے بعد پہلا فٹ بال لیگ میچ ہاسٹل 11اوربی ایس سی ایس کی ٹیموں کے مابین کھیلا گیا جو دودوگول سے برابر رہا۔
اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن سکاڈرن لیڈر (ر)علی عمران بٹ بھی موجود تھے۔