انڈر 16ہاکی چیمپئن شپ خانیوال نے وہاڑی کو ہراکر جیت لی
سالانہ کیلنڈر 2023.24کے سلسلہ میں انڈر 16لیول پر ڈویژنل سپورٹس آفس ملتان کے زیر اہتمام ملتان ہاکی اسٹیڈیم آسڑوٹرف پر جاری بوائز انڈر 16ہاکی چیمپئن شپ کے فائنل میں خانیوال ڈسٹرکٹ نے وہاڑی ڈسٹرکٹ ڈسٹرکٹ کو شوٹ آؤٹ پر دو کے مقابلہ میں چار گول سے شکست دیکر چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا۔
تیسری پوزیشن کے میچ میں لودہراں ڈسٹرکٹ نے ملتان ڈسٹرکٹ کو ہراکر تیسری پوزیشن حاصل کرلی۔ ملتان ڈسٹرکٹ چوتھے نمبر پر رہا۔
فائنل کے بعد تقریب تقسیم انعامات منعقد کی گئی، جس کی صدارت ڈویژنل سپورٹس آفیسر ملتان رانا ندیم انجم نے کی، جبکہ مہمان خصوصی سی ای او لکی بیوریجز چوہدری محمد اشفاق تھے۔
جیوری و میچ آفیشلز میں گلزار پاشا۔شاہد گل۔خرم نقوی۔سمیع نقوی آصف محمود اور عرفان صمد شامل تھے۔
رانا ندیم انجم نے کہا کہ ہمارے ملک کے کھلاڑیوں میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے، لیکن سہولیات کے فقدان سے ان کو اپنے جوہر دکھانے کا موقع نہیں ملتا تھا۔
سپورٹس اینڈ یوتھ افیئر ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے ان کو گراس روٹ لیول پر منظم کرنے کے لیے سالانہ کیلنڈر جاری کیا تاکہ ان کو بہترین سہولیات میسر آسکیں۔
مہمان خصوصی چوہدری محمد اشفاق نے کہا کہ آج کل کے بچے موبائل اور ڈیجیٹل گیمز کے زیر اثر ہیں، اور اپنی صحت تباہ کررہے ہیں، ان کو کھیلوں کے میدانوں کی۔طرف راغب کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کا اس سلسلہ میں گراس روٹ لیول پر کھلاڑیوں کے لیے پرکشش انعامات کے ساتھ مقابلہ جات اور تربیتی کیمپ کا انعقاد قابل تحسین اقدام ہے۔
بطور پاکستان کے شہری ہمارا فرض بنتا ہے کہ ہم بچوں کے بہتر مستقبل کے لیے ایسے اقدامات کی حمایت اور تعاون کریں تاکہ مستقبل میں پاکستان کا نام یہ بچے عالمی افق پر روشن کریں۔
تقریب کے آخر میں دونوں ٹیموں میں ٹرافیاں اور میڈلز تقسیم کیے گئے۔