کون بنے گا زکریا یونیورسٹی کا اگلا خزانچی؟؟ رجسٹرار نے میوزیکل چیئر گیم شروع کردی
زکریا یونیورسٹی میں مستقل خزانچی نہ ہو نے کی وجہ سے ایڈیشنل چارج کی بنیا د پر کام چلایا جارہا ہے، مگر اب یونیورسٹی کے رجسٹرار نے خزانچی کی تعیناتی کےلئے نئی گیم شروع کردی، اب ایچ ای ڈی کو پینل بھیجا جائے گا جس میں سے عارضی طور پر خزانچی لگایا جائے گا۔
اس سلسلے میں جاری مراسلے میں کہا گیاہے کہ اب ایچ ای ڈی کو خزانچی کی تعیناتی کےلئے دو ماہ قبل پینل بھجوانا ضروری ہے تاکہ تمام کام ہموار طریقے سے چلتا رہے۔
ایڈیشنل رجسٹرار کی سنیارٹی لسٹ اس طرح سے ہے کہ پہلے نمبر پر کامران تصدیق ، دوسرے پر اعجاز احمد ،تیسرے نمبر محمد صفدر عباس خان اور چوتھے پر محمد اقبال ہیں۔
اس لئے ان افراد کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ اپنی سی وی ایز جمع کروائیں، سستی کا مظاہرہ کرنے والے اور جواب نہ دینے والے کو اس پینل سے باہر رکھا جائے گا، اور سمجھا جائے گا وہ اس میں دلچسپی نہیں رکھتے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یونیورسٹی کی اہم سیٹ پر تجربہ کار شخص کا ہونا ضروری ہے، ایسے وقت میں جب یونیورسٹی معاشی مسائل کا شکار ہے، کسی نوآموز کو اس سیٹ پر بیٹھانا یونیورسٹی کو دیوالیہ کرسکتا ہے، پینل میں ایک شخص کے سوا کسی کے پاس تجربہ نہیں ہے، اس لئے یونیورسٹی کا یہ رسک لینا سمجھ سے بالاتر اور سیاست کی کھلی مثال بن گئی ہے ۔