جامعہ زرعیہ: آئیوڈین کی کمی کے عالمی دن کی مناسبت سے سیمینار کا انعقاد
ایم این ایس زرعی یونیورسٹی میں ڈیپارٹمنٹ آف نیوٹریشن اور نیوٹریشن انٹرنیشنل کے تعاون سے آئیوڈین کی کمی کے عالمی دن کی مناسبت سے سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔
اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف علی(تمغہ امتیاز)نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خوراک اچھی ہوگی تو آپ صحت مند رہیں گے اگر خوراک اچھی نہیں تو آپ کو میڈیسن کا اثر بھی نہیں ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں خوراک ایسی استعمال کرنی چاہیے جس میں آئیوڈین کی مقدار موجود ہو۔انسان اگر خوش رہتا ہے تو بہت سی بیماریوں سے محفوظ رہ سکتا ہے۔
جنوبی پنجاب کے صوبائی پروگرام مینیجر احتشام الحق طارق نے ٹیکنیکل لیکچر میں آئیوڈین کی کمی کی وجوہات پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے بتایا کہ اس مرض میں مبتلا انسان کم ذہنی صلاحیت،ذہنی معذوری،مردہ بچے کی پیدائش،خود بخود اسقاط حمل،بولنے اور سماعت کی کمزوری اور نشونما میں کمی جیسے امراض میں مبتلا ہو سکتا ہے۔
پی ایف اے ملتان کے ڈی ڈی او عمر حنیف نے شرکاء کو عوام کے لیے آئیوڈین والے نمک کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے پی ایف اے کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں أگاہ کیا۔
سیمینار کے آخر پر پروفیسر ڈاکٹر عمر فاروق نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایک اندازے کے مطابق پاکستان میں 5 کروڑ افراد آئیوڈین کی کمی کا شکار ہیں، اور 5 سال سے کم عمر بچوں میں یہ شرح 57 فیصد ہے۔
اس موقع پر ڈاکٹر محمد شہباز،ڈاکٹر امبرین ناز،ڈاکٹر افشاء شفیع،محمد عثمان سمیت دیگر فیکلٹی اور طلباء و طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔