آل پاکستان انٹر یونیورسٹی ویمن آرچری چیمپئن شپ میں زکریا یونیورسٹی کی دوسری پوزیشن

آئی بی اے یونیورسٹی کراچی میں 23 نومبر سے 27 نومبر تک منعقد ہونے والی آل پاکستان انٹر یونیورسٹی ویمن آرچری چیمپئن شپ میں ملک بھر کی 18 معروف جامعات نے شرکت کی۔
اس اہم قومی مقابلے میں بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی ملتان کی نمائندگی قرات العین، مدیحہ، سیدہ دانیہ زارہ اور علیشبہ نے کی، جنہوں نے عمدہ کارکردگی کے ذریعے یونیورسٹی کا نام روشن کیا۔ کھلاڑیوں کی تربیت کوچ سمر عباس نے کی جبکہ ٹیم کی منیجر میڈم عابدہ خان تھیں،جنہوں نے کھلاڑیوں کی مکمل رہنمائی اور حوصلہ افزائی کی۔
بین الجامعاتی سطح پر اس چیمپئن شپ نے طالبات کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بہترین موقع فراہم کیا اور کھیلوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا۔
بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی کی ٹیم کی شاندار شرکت اس بات کی عکاسی ہے کہ ادارہ خواتین کی کھیلوں میں بھرپور شرکت اور قومی سطح پر نمائندگی کے لیے پرعزم ہے۔




















