ملتان : این ایف سی انسٹی ٹیوٹ میں میلہ سج گیا
صوبائی وزیر صحت و پرائمری ہیلتھ کیئر پنجاب ڈاکٹر اختر ملک نے کہا ہے پاکستان کے ٹیلنٹ نے تعلیم اور انجینئرنگ سمیت ہر شعبہ میں اپنی صلاحیتوں کو منوایا ہے، پاکستان کے انجینئرز سمیت دیگر ٹیکنیکل شعبہ جات کے ماہرین نے وسائل کی کمی کے باوجود ملک و قوم کی خدمت میں کوئی کسر نہیں اٹھا رکھی۔
وہ این ایف سی آئی ٹی میں پاکستان انجینئرنگ کونسل کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
فائنل ایئر ڈیزائن پراجیکٹ فنانسنگ کی تقریب سے وائس چانسلر این ایف سی آئی ای ٹی ڈاکٹر محمد اختر کالرو۔چیئرمین پاکستان انجینئرنگ کونسل۔ انجینئر محمد نجیب ہارون اور کنوینئر پیک ڈویلپمنٹ کمیٹی انجینئر میر مسعود راشد نے بھی خطاب کیا۔
تقریب میں ملتان جنوبی پنجاب سمیت دیگر شہروں کی یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز نے بھی شرکت کی ۔
صوبائی وزیر ڈاکٹر محمد اختر ملک نے مزید کہا کہ انجینئرز اور دیگر فنی علوم کے ماہرین کو ان کا صحیح مقام نہیں دیا جا سکا، جس کے باعث ہمارے پڑھے لکھے ٹیلنٹ نے بیرون ممالک کا رخ کیا اور وہاں بھی اپنی صلاحیتوں کو تسلیم کروایا۔
انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کے عظیم سپوت ڈاکٹر قدیر خان نے اپنی خداداد صلاحیتوں کے بل بوتے پر پاکستان کو مسلم امہ کی پہلی عظیم ایٹمی طاقت بنا دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ نشیب و فراز قوموں کی زندگی کا حصہ ہیں، لیکن ملی و قومی اپروچ کو درست سمت میں رکھنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا نیا تصور انجنیئر سے ہی مل سکتا ہے، 1960ءمیں پاکستان سیٹلائیٹ کے حوالے سے چوتھا ملک تھا، ہم نے ملک کو مل کر آگے لے جانا ہے۔
پراجیکٹس کو اس طرح فنانس کرنا بہت ہی اچھا عمل ہے، تعلیم اور صحت پر زیادہ سے زیادہ پیسہ لگنا چاہئے، صحت اور تعلیم کا کسی معاشرے کی تعمیر میں بڑا کردار ہوتا ہے، اگر ہمیں سہولیات اور مواقع دے دیئے جائیں تو ہمیں اور کہیں جانے کی ضرورت نہیں۔
چیئرمین پاکستان انجینئرنگ کونسل انجینئر نجیب ہارون نے کہا کہ پاکستان اعلی کوالیفائیڈ انجینئرز کے ذریعے ہی ترقی کر سکتا ہے اس کے لیے تدریسی نصاب کو تبدیل کرنا ہے، ہمیں انجینئرز کی ایسی کھیپ تیار کرنا ہے جب وہ مارکیٹ میں جائیں تو ان کی قدر و قیمت ہو سکے، پراجیکٹ فنڈنگ بھی ایک مسئلہ ہے، ہمیں اپنی محتاجی ختم کرنی ہے، مینوفیکچرنگ سسٹم کو بڑھانا ہے، یہ ملک قیام کے وقت سے آج تک ترقی نہیں کر پایا، اپنے بچوں اور بچیوں کو پروفیشنل ڈگری سے قابل بنانا ہے۔
تقریب میں ممبر صوبائی اسمبلی ثانیہ کامران، جبین گل، واصف مظہر، سلیم لابر، چیئرمین پاکستان انجینئرنگ کونسل پنجاب کے صدر پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر، مختلف یونیورسٹیز کے وائس چانسلر، ضلعی انتظامیہ ملتان چیمبر آف کامرس اور 50 سے زائد یونیورسٹیوں کے فیکلٹی ممبران اور طلباء و طالبات نے شرکت کی۔
چیئرمین پاکستان انجینئرنگ کونسل انجینئر نجیب ہارون نے ملک بھر سے آئے ہوئے انجینئرنگ یونیورسٹیز کے وفود اور پاکستان انجینئرنگ کونسل کے ممبران کا شکریہ ادا کیا ، اور مزید ازاں اس بات پر زور دیا کہ نوجوان انجینئرز کو آگے بڑھ کر قومی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔
پاکستان انجینئرنگ کونسل نے اپنے محدود وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے نوجوان انجینئرز کی حوصلہ افزائی کیلئے فائنل ایئر پراجیکٹ کی فنانسنگ کی۔
تقریب کے اختتام پر 250 پراجیکٹ کو فنانسنگ سرٹیفیکیٹ دیئے گئے۔