Paid ad
Breaking NewsEducationتازہ ترین

‘’جلد کی بیماریوں کے سماجی اور نفسیاتی اثرات‘‘ بارے سیمینار

ڈیپارٹمنٹ آف سوشیالوجی، بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی ملتان میں ’’جلد کی بیماریوں کے سماجی اور نفسیاتی اثرات‘‘ کے موضوع پر ایک سیمینار منعقد کیا گیا، سیمینار میں ڈاکٹر رحیمہ جمیل (کنسلٹنٹ ڈرماٹولوجی) نے خصوصی لیکچر دیا۔

انہوں نے کہا کہ جلد ہمارے جسم کا ایک اہم عضو ہے جو ہمیں بیرونی جراثیم، موسمی تبدیلیوں اور ماحولیاتی اثرات سے محفوظ رکھتی ہے۔ لیکن اگر جلد متاثر ہو جائے تو مختلف جلدی بیماریاں پیدا ہو سکتی ہیں، جو معمولی جلن سے لے کر شدید انفیکشن تک جا سکتی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ وائرس اور بیکٹیریا جلد پر انفیکشن کا سبب بنتے ہیں، جیسے چکن پاکس اور پھوڑے۔ جلد پر پھپھوندی یا الرجی کی وجہ سے خارش اور سرخی پیدا ہو سکتی ہے، جبکہ دھوپ، آلودگی، زیادہ نمی یا خشک موسم بھی جلد کو متاثر کر سکتے ہیں۔

ڈاکٹر رحیمہ جمیل نے اپنے لیکچر میں وضاحت کی کہ جلد کی بیماری انسان پر گہرے سماجی اور نفسیاتی اثرات مرتب کرتی ہے۔ انسان نفسیاتی الجھاؤ اور ذہنی تناؤ کا شکار ہو جاتا ہے، اور سماجی طور پر تنہائی محسوس کرتا ہے۔ معاشرتی سطح پر لوگ ایسے افراد کے بارے میں طرح طرح کی باتیں کرتے ہیں، جس کے باعث انہیں شادی، ملازمت اور تعلقات کے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ وقت کی ضرورت ہے کہ ہم ہمیشہ مستند جلد کے ماہر ڈاکٹر سے معائنہ کروائیں تاکہ بروقت تشخیص اور علاج ممکن ہو سکے۔

اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر امتیاز احمد وڑائچ نے ڈاکٹر رحیمہ جمیل کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ جلدی بیماریاں مختلف وجوہات کی بنا پر پیدا ہو سکتی ہیں، لیکن اگر ہم مناسب احتیاطی تدابیر اپنائیں، جلد کی صفائی کا خیال رکھیں اور متوازن غذا استعمال کریں تو ان بیماریوں سے بچاؤ ممکن ہے۔ اگر کسی بھی جلدی بیماری کی علامات ظاہر ہوں تو فوراً علاج کروانا ضروری ہے تاکہ مسئلہ پیچیدہ نہ ہو۔

آخر میں پروفیسر ڈاکٹر کامران اشفاق نے گیسٹ اسپیکر ڈاکٹر رحیمہ جمیل کا شکریہ ادا کیا اور طلبہ و طالبات کو تلقین کی کہ وہ تازہ پھل، سبزیاں اور وٹامن سے بھرپور غذا استعمال کریں تاکہ جلد صحت مند رہے۔ پانی زیادہ سے زیادہ مقدار میں پئیں تاکہ جلد میں نمی برقرار رہے، جبکہ فاسٹ فوڈ اور چکنائی سے پرہیز کریں کیونکہ یہ جلدی مسائل پیدا کر سکتی ہے۔

اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر ارم بتول اعوان، چیئرمین شعبہ سائیکالوجی ڈاکٹر تمینہ ستار، ڈاکٹر صبغہ نور کے علاوہ شعبہ سوشیالوجی، پبلک ہیلتھ اور سائیکالوجی کے طلبہ و طالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

آخر میں ڈاکٹر رحیمہ جمیل نے طلبہ و طالبات کے سوالات کے جوابات دیے اور ان کا فری چیک اَپ بھی کیا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button