اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسرز ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی فیلڈ فورس کا ایک اہم جزو قرار
سی ای او ایجوکیشن ملتان ڈاکٹر صفدر حسین واہگہ نے کہا ہے کہ اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسرز ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی فیلڈ فورس کا ایک اہم جزو ہیں، اے ای اوز اپنی کارکردگی کو بہتر بنائیں تاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے تعلیمی ویژن کو بطریق احسن تکمیل تک پہنچایا جا سکے، اے ای اوز کے دائرہ اختیار میں اضافہ کیا جا رہا ہے، اب اے ای اوز گورنمنٹ کے تمام ہائی سکولز کا بھی وزٹ کریں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع ملتان کے اے ای اوز سے ویڈیو لنک کے ذریعے میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا، اس موقع پر ڈی ای او سکینڈری سکولز ملتان شیخ محمد رفیق، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ملک فیاض حسین اور ایجوکیشن آفیسر میاں منیر احمد بھی موجود تھے ۔
انھوں نے اے ای اوز کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ موسم سرما کی تعطیلات کے بعد سکولز دوبارہ کھلنے پر ہیڈ ماسٹرز صاحبان بچوں کو خوش آمدید کہیں گے، اساتذہ کرام بچوں کی پڑھنے اور سیکھنے کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کریں ۔ باصلاحیت اور ذہین بچوں پر خصوصی توجہ دی جائے ۔ نہم کلاس میں 500 نمبر لینے والے طلباء وطالبات کو ملتان بورڈ میں پوزیشن لینے کے لیے خصوصی تیاری کروائی جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیکرٹری سکولز ایجوکیشن خالد نذیر وٹو 13 تا 15 جنوری تک تین روزہ دورے پر ملتان میں ہوں گے ۔ سکولز میں صفائی ستھرائی اور ڈسپلن کا خاص خیال رکھا جائے ۔ این ایس بی اور ایف ٹی ایف فنڈز سمیت سکول ریکارڈ ہمہ وقت مکمل رکھا جائے ۔ سکولز میں صحت و صفائی اور بچوں کی پوشیدہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے خصوصی توجہ دی جائے ۔ انوائرمنٹ اور ایلومینائی کونسل کا قیام عمل میں لایا جائے ۔ نئی داخلہ مہم کا بھی آغاز کیا جائے اور کم از کم 50 بچوں کے داخلہ کو یقینی بنایا جائے ۔ ہر سکول میں کم از کم 10 سایہ دار پودے لگائے ۔ ہر سکول کے ای سی ای رومز کو بچوں کے لیے پر کشش بنایا جائے اور ای سی ای کٹ کا استعمال کیا جائے ۔ بچوں کی روزانہ حاضری کم از کم 92 فیصد ہونی چاہیے ۔ کلاس فورز کی زیرِ التوا انکوائریز کو فوری مکمل کر کے 15 جنوری تک جمع کروائی جائے ۔ واٹر فلٹریشن پلانٹ کی دیکھ بھال کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس کی کارکردگی کا ہفتہ وار جائزہ لیا جائے گا۔
سیکرٹری سکولز ایجوکیشن کی ہدایت پر تھیم آف منتھ (ہمیشہ سچ بولیں) کی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے۔