Paid ad
Breaking NewsNationalتازہ ترین

وزیر اعلی کے تاریخی اقدامات سے جنوبی پنجاب کے تمام اضلاع ترقی کی دوڑ میں شامل ہو چکے: جاوید اختر

سیکرٹری ہاؤسنگ ساؤتھ پنجاب جاوید اختر محمود نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کے تاریخی اقدامات کے باعث جنوبی پنجاب کے تمام اضلاع ترقی کی دوڑ میں شامل ہو چکے ہیں اور حکومت پنجاب شہریوں کو فراہمی و نکاسی آب کی بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کرنے کے لیے سرگرم ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملتان میرا اپنا شہر ہے ، واسا کے افسران عوامی خدمت کو اپنا نصب العین بنائیں ۔
ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل میں رکاوٹوں، کوالٹی آف ورک میں کمی کی شکایت کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا تمام منصوبوں میں شفافیت اور اعلی معیار کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے کہا ہےکہ ملتان شہر میں بوسیدہ سیوریج ،واٹر سپلائی لائنوں کی تبدیلی کے جاری میگا پراجیکٹس پر کام کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے تاکہ ان منصوبوں کو مقررہ مدت میں پایا تکمیل تک پہنچا کر عوام کو فراہمی و نکاسی آب کی بنیادی سہولیات سے بروقت مستفید کیا جاسکے ۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے ملتان شہر کے سب سے بڑے سیوریج اور واٹر سپلائی کے مسئلوں کے لیے خطیر فنڈز فراہم کر دیے ہیں اور ایسے ترقیاتی کاموں کی سابقہ ادوار میں مثال نہیں ملتی۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز چونگی نمبر 9 ،خان ویلیج ڈسپوزل اسٹیشنز کی اپ گریڈیشن اور نواب پور روڈ،ٹی بی ہسپتال روڈ پر سیوریج منصوبوں پر جاری کام کا معائنہ کرتے ہوئے کیا منیجنگ ڈائریکٹر واسا ناصر اقبال،ڈپٹی سیکرٹری ٹیکنیکل ملک زاہد اقبال،ڈائریکٹر ورکس شہزاد منیر بھی ہمراہ تھے۔
اس دوران ایم ڈی واسا نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ چونگی نمبر 9 اور خان ویلیج ڈسپوزل اسٹیشنز کی اپ گریڈیشن کی سکیم کی کل لاگت 3157 ملین روپے ہے خان ویلیج ڈسپوزل اسٹیشن کی فورس مین پائپ لائن ڈالنے کا کام مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ چونگی نمبر 9 ڈسپوزل اسٹیشن کی فورس مین پائپ لائن ڈالنے کا کام ہیڈ محمد والا روڈ اعوان چوک سے گندا نالہ بطرف نانڈلہ چوک کی طرف ڈالنے کا عمل تیزی سے جاری ہے اور یہ فورس مین پائپ اعوان چوک سے چونگی نمبر 5 اور پھر نواب پور روڈ سے چونگی نمبر 8 تک اور بعد ازاں چونگی نمبر 9 ڈسپوزل اسٹیشن تک ڈالی جائے گی، اور اس میگا پراجیکٹ کی تکمیل سے شہری آبادی کو نکا سی آب خصوصاً مون سون سیزن میں بارش کے پانی کی بروقت نکاسی میں بہت بڑا ریلیف ملے گا ۔
نواب پور روڈ کے دورہ کے موقع پر ایم ڈی واسا نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ شہر کے مختلف علاقوں میں سوا دو ارب روپے کی مالیت سے 148 کلومیٹر طویل بوسیدہ سیوریج لائنوں کو تبدیل کیا جا رہا ہے نواب پور روڈ پر 54، 48 اور 42 انچ قطر کی اب تک 10 ہزار فٹ نئی لائن ڈالنے کا کام مکمل ہو چکا ہے، جبکہ ابھی 12 ہزار فٹ مزید لائن ڈالنے کا کام باقی ہے۔
جبکہ ٹی بی ہسپتال روڈ پر کل پانچ ہزار فٹ سیوریج لائن تبدیلی کا منصوبہ مکمل کیا جائے گا۔
اس دوران سیکرٹری ہاؤسنگ جاوید اختر محمود نے واسا کو شہر بھر میں گٹروں پر ڈھکنوں کی سو فیصد موجودگی کو یقینی بنانے،پبلک سروس ڈیلیوری کو مزید بہترکرنے اور تمام جاری سکیموں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کا حکم دیا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button