ملتان میں22 ہزار سے زائد ٹیچرز کی کورونا ویکسی نیشن کے انتظامات مکمل
ضلع ملتان میں22 ہزار سے زائد ٹیچرز کی کورونا ویکسی نیشن کے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں اور ویکسی نیشن کا آغاز ہوچکا ہے۔
ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے ضلع کے تمام ٹیچرز کی ویکسی نیشن مکمل کرنے کے لئے5 جون کی ڈیڈ لائن دے دی ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر سٹی خواجہ عمیر محمود نے انتظامات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کورونا ویکسی نیشن سنٹرز پر ٹیچرز کے لئے علیحدہ کاونٹرز قائم کر دئے گئے ہیں اور اساتذہ کی رہنمائی کے لئے کاونٹرز پر پینا فلیکس لگا دئے گئے ہیں۔ 5 جون تک ضلع ملتان کے15 ہزار ٹیچرز اور سکولوں کے3 ہزار سٹاف کی ویکسی نیشن مکمل کر لی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ بہاوالدین زکریا یونیورسٹی کے3 ہزار پروفیسرز اور سٹاف کی ویکسی نیشن شیڈول میں شامل ہے۔اس کے علاوہ سرکاری کالجز کے ایک ہزار لیکچررز اور پروفیسرز کی ویکسی نیشن بھی 5 جون تک مکمل کرلی جائے گی۔
سی ای او ایجوکیشن شمشیر خان نے اس موقع پر بتایا کہ ضلع کے تمام ٹیچرز کی ویکسی نیشن کا شیڈول جاری کردیا گیا ہے اور ٹیچرز کو ان کے ویکسی نیشن سنٹرز اور شیڈول سے آگاہ کردیا گیا ہے۔شجاع آباد اور جلالپور پیروالا کے ٹیچرز اپنی تحصیلوں میں قائم سنٹرز سے ویکسی نیشن کرائیں گے۔