قومی تعمیر نوء کے محکموں کو ترقیاتی سکیموں کی بروقت تکمیل کا الٹی میٹم
کمشنر ملتان ڈویژن انجینئر عامر خٹک نے قومی تعمیر نوء کے محکموں کو ترقیاتی سکیموں کی بروقت تکمیل کا الٹی میٹم دی دیا۔
ڈویژنل ڈویلپمنٹ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کمشنر عامر خٹک نے کہا کہوزیراعلی پنجاب کی ملتان ڈویژن کے انفراسٹرکچر کی بہتری پر ذاتی نظر ہے۔
مالی سال کے اختتام سے قبل سکیمیں مکمل نہ کرنے والے افسران احتساب کیلئے تیار رہیں۔
ڈپٹی کمشنرز از خود فیلڈ میں سکیموں کی مانیٹرنگ کریں۔ ناقص میٹریل، سست روی پر متعلقہ افسر کو شوکاز اور ٹھیکیدار کو بلیک لسٹ کریں۔
انہوں نے کہا کہ شہر کے پارکس، سیوریج سسٹم کی بہتری کیلئے ترجیحی فنڈز طلب کئے گئے ہیں۔ترقیاتی محکمے بھرپور استعداد کار سے کام کریں۔جن سڑکوں پر کام ہورہا وہاں دن میں دو بار پانی کا چھڑکاؤ کریں۔
محکمہ سپورٹس ہاکی سٹیڈیم جلد مکمل کرے تاکہ مقابلوں کا انعقاد کروا کر شہر اولیاءکے باسیوں کو تفریح کے مواقع فراہم کئے جاسکیں۔
اس موقع پر بریفننگ دیتے ہوئے ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ روبینہ کوثر نے بتایا کہ ڈویژن میں سالانہ ترقیاتی پروگرام کی 691 سکیمیں، سی ڈی پی کی کی 348 سکیمیں,پائیدار ترقیاتی گولز پروگرام4 کی 963 سکیمیں جاری ہیں۔
کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام فیز 3 کی 331 سکیموں مکمل کی جاچکی ہیں، جبکہ 17 پر کام جاری ہے۔پائیدار ترقیاتی اہداف کی سکیموں پر 75 فیصد کام مکمل کیا جا چکا ہے۔
ڈویژن کے ڈپٹی کمشنرز نے 95 انسپکشن کئے، غیر معیاری کاموں پر 3 شوکاز نوٹس دیے گئے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر رانا اخلاق سمیت ڈویژن کے ڈپٹی کمشنرز نے ملتان وہاڑی،خانیوال اور لودھراں کے متعلقہ منصوبوں پر بریفنگ بھی دی ، جبکہ ترقیاتی محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔