جنوبی پنجاب ایجوکیشن سیکریٹریٹ میں ای فائلنگ کا منصوبہ
سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن جنوبی پنجاب محمد الطاف بلوچ نے کہا ہے کہ پیپر لیس سسٹم کے نفاذ سے روایتی فائل سسٹم سے چھٹکارا ملے گا ، اور اس حکومتی اقدام سے اربوں روپے کی بچت ہو گی، وہ گزشتہ روز ایجوکیشن سیکرٹریٹ کے کمیٹی روم میں ای فائلنگ سسٹم کے اجراء کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔
اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹریز عطاء الحق، طارق محمود، ڈپٹی سیکرٹریز محمد شاہد ملک، ڈاکٹر عظیم قریشی اور متعلقہ افسران بھی اجلاس میں شریک تھے۔
سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن محمد الطاف بلوچ نے کہا کہ حکومت پنجاب کی طرف سے ای فائلنگ نظام کے نفاذ کے لیے 15 مئی کا ہدف مقرر کیا گیا تھا۔
اس جدید نظام سے جہاں کام میں تیزی آئے گی، وہیں کمپیوٹرائزڈ ہونے سے کاغذ اور سٹیشنری کے استعمال میں بھی نمایاں کمی آئے گی جس سے اربوں روپے بچائے جا سکیں گے، انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے حوالے سے یہ سسٹم جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہو گا اور عوام کو جدید سہولتیں میسر آئیں گی۔
جدید دور کے تقاضوں کے تحت انفارمیشن ٹیکنالوجی پر عبور حاصل کرنا بہت ضروری ہے۔
سیکرٹری محمد الطاف بلوچ نے محکمہ ہائیر ایجوکیشن جنوبی پنجاب کے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ای فائلنگ کے جدید نظام کو مؤثر اور ٹھوس بنیادوں پر استوار کیا جائے تاکہ اس سے ہر خاص و عام مستفید ہو سکے۔
اجلاس میں سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن جنوبی پنجاب کو ای فائلنگ اور آفس آٹومیشن سسٹم کے حوالے سے بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے ماہرین کی جانب سے محکمہ کے تمام ملازمین کو ای فائلنگ اور آفس آٹومیشن سسٹم کے تحت سرکاری کاغذات کو ڈائری اور ڈسپیچ کرنے کی تربیت فراہم کی گئی تھی، حکومت کے اس اقدام کے ذریعے وقت کی بچت جب کہ محکمانہ امور کو بہترین طریقے سے حل کیا جا سکے گا۔