زکریا یونیورسٹی : پروفیسر ڈاکٹر جاوید احمد کو بطور ڈین فیکلٹی آف سائنسز تعینات کر دیا گیا
گورنر پنجاب و چانسلر نے ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف فزکس بہاء الدین زکریایونیورسٹی ملتان کے پروفیسر ڈاکٹر جاوید احمد کو بطور ڈین فیکلٹی آف سائنسز تعینات کردیا ہے۔
پروفیسر ڈاکٹر جاوید احمد کی تقرری کا باقاعدہ نوٹیفیکیشن بھی جاری کردیاگیاہے ۔
پروفیسر ڈاکٹر جاوید احمد نے انسٹیٹیوٹ آف فزکس کے تمام اساتذہ و سٹاف کی موجودگی میں اپنے عہدہ کا چارج سنبھال لیاہے، اور اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ یونیورسٹی کے بہترین مفاد میں وہ کام کریں گے ۔
ڈاکٹر جاوید احمد کی تعیناتی پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر منصور اکبر کنڈی نے انہیں پھولوں کا گلدستہ پیش کیا، اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
یاد رہے کہ یونیورسٹی کی تاریخ میں پروفیسر ڈاکٹر جاوید احمد شعبہ فزکس سے پہلے ڈین آف سائنسز مقرر کیے گئے ہیں جو کہ شعبہ کے لیے ایک اعزاز ہے۔
ڈاکٹرجاوید احمد ایک استاد کے ساتھ ساتھ بہترین محقق بھی ہیں ، اور انہوں نے جاپان کے اعلی تعلیمی ادارہ سے پی ایچ ڈی اور پوسٹ ڈاک کی ۔
آپ کے سو سے زائد سائنسی و تحقیقی مقالہ جات عالمی جریدوں میں شائع ہوچکے ہیں، جبکہ ان کی زیرنگرانی بہت سے طلباء طالبات نے ایم فل اور پی ایچ ڈی کی ڈگری بھی حاصل کی۔
ڈاکٹر جاوید احمد کی تعیناتی پر اساتذہ کرام و انتظامی افسران نے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔