Paid ad
Breaking NewsEducationتازہ ترین

سرکاری سکولوں کے طلباء و اساتذہ کے اعزاز میں تقریب

سیکرٹری سکولز ایجوکیشن جنوبی پنجاب رانا سلیم احمد خان نے کہا ہے کہ سرکاری سکولوں کے اساتذہ بہترین قابلیت کے حامل اور بادشاہ گر ہیں، انہیں سازگار ماحول اور مواقع دیے جائیں تو وہ بہترین نتائج دیتے ہیں۔
یہ بات انہوں نے محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب کے زیر اہتمام گورنمنٹ گرلز کمپری ہنسیو ہائیر سکینڈری سکول میں میٹرک امتحانات میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ اور اساتذہ کرام کے اعزاز میں منعقدہ تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے تین ڈویژنز کا میٹرک کے بہترین امتحانی نتائج کے حوالے سے صوبہ بھر میں بازی لے جانا محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب کے ساتھ ساتھ اساتذہ اور طلباء کے لیے بھی افتخار اور اعزاز کی بات ہے۔
اساتذہ کو چاہیے کہ وہ طلبہ کو جدید تقاضوں کے مطابق تعلیم دیں تاکہ جنوبی پنجاب کے طلبہ تعلیم کے میدان میں بھی سب سے آگے آسکیں۔

سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے سکولوں کے اساتذہ کی تدریسی خدمات اور ذہین طلبہ کی پہلی مرتبہ اس طرح حوصلہ افزائی اور عزت افزائی کی گئی ہے، اور اس اعتراف کا مقصد یہ ہے کہ وہ مزید بہتر انداز میں اپنے فرائض انجام دیں۔

اس موقع پر تقریب میں محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب کے ایڈیشنل سیکرٹری آغا ظہیر عباس شیرازی، ڈپٹی سیکرٹریز خواجہ مظہر الحق، سیف الرحمن خان بلوانی، سیکشن آفیسر حنا چوہدری اور شبیر احمد کے علاوہ سکولوں کے سربراہان، استاتذہ، سی ای اوز اور متعلقہ تعلیمی و انتظامی حکام بھی موجود تھے۔

تقریب میں میٹرک امتحانات میں بہترین کارکردگی کے حامل اساتذہ اور طلبہ کو ایوارڈز اور توصیفی اسناد سے نوازا گیا۔
سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب نے اساتذہ اور طلبہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اعتراف خدمات کے لیے تقسیم انعامات کے اس سلسلے کو جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔

انہوں نے کہا کہ آپ اساتذہ کرام کی محنت کے باعث طلباء کامیابیاں حاصل کر پاتے ہیں۔ طلباء کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لیے اساتذہ کرام نصاب کو بروقت مکمل کرنے، دہرائی کروانے اور ٹیسٹ کے نظام کو رائج کریں اور امتحانات سے پہلے بورڈز کی طرز پر امتحانات کا انعقاد کروا کے طلبہ کی استعداد کار کا جائزہ لیں۔

سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب نے امید ظاہر کی کہ تعلیم کے میدان میں مؤثر کارکردگی اور بہترین تعلیمی نتائج کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button