Paid ad
Breaking NewsNationalتازہ ترین

گلابی سنڈی کے تدارک کے لئے پی بی روپس اور پنک بول ورم مینیجر ٹیکنالوجی کا استعمال بہت ضروری:ڈاکٹر زاہد

سنٹرل کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ ملتان میں منعقد ایک روزہ تربیتی پروگرام برائے کپاس کی گلابی سنڈی کے تدارک کی حکمت عملی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر سی سی آر آئی ڈاکٹر زاہد محمود کا کہنا تھا کہ کپاس کی گلابی سنڈی کے تدارک کے لئے پی بی روپس اور پنک بول ورم مینیجر ٹیکنالوجی کا استعمال بہت ضروری ہے۔
تربیتی پروگرام کے پہلے روزادارہ ہذا میں پنجاب کے مختلف اضلاع وہاڑی، لودھراں،بہاولپور اور رحیم یار خان سے تعلق رکھنے والے محکمہ زراعت توسیع پنجاب کے ماسٹر ٹرینی نے شرکت کی۔
ڈاکٹر زاہد محمود کا کہنا تھا کہ اس وقت کپاس کو بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے جبکہ کیڑے مکوڑوں میں سفید مکھی اور گلابی سنڈی کپاس کی فصل کے لئے دو بڑے ایشوز ہیں جن سے نمٹنے کے لئے سی سی آر آئی ملتان کے زرعی ماہرین اپنی بھرپور کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں اور ان میں کافی کامیابی بھی حاصل ہوئی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ سال کی طرح امسال بھی پنجاب کے تمام اضلاع میں سی سی آر آئی ملتان محکمہ زراعت توسیع پنجاب وپیسٹ وارننگ اینڈ کوالٹی کنٹرول ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے ساتھ ٹریننگ پروگرامز کی مشترکہ کوششوں کی بدولت گلابی سنڈی و دیگر کیڑے مکوڑوں کے حملہ کے کنٹرول میں اپنا اہم کردار ادا کرے گی جس کے نتیجے میں پیداوار میں بہتری آئے گی.
سی سی آر آئی ملتان کی پوری کوشش ہے کہ آئیندہ سیزن میں بھی کپاس کی بھرپور پیداور حاصل ہو اور آج کا پہلاتربیتی پروگرام بھی اس سلسلے کی کڑی ہے اور یہ پروگرام پنجاب بھرکے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے محکمہ زراعت کے توسیعی کارکنان وپیسٹ وارننگ ڈیپارٹمنٹ کے آفیسران و دیگر عملہ کی رہنمانئی وتربیت کے لئے اس ماہ کی 29دسمبر تک جاری رہیں گے ۔
اس کے علاوہ اپر پنجاب اور سندھ کے ماہرین حشریات بھی ان تربیتی پروگرامز کا حصہ ہوں گے۔ اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ شعبہ حشریات،سی سی آر آئی ڈاکٹر رابعہ سعید کا کہنا تھا کہ گلا بی سنڈی کے موسمی وغیر موسمی تدارک کے لئے زرعی ماہرین کی سفارشات پر من و عن عمل کیا جائے تو اس کیڑے کو کافی حد تک کنٹرول کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے ماسٹر ٹرینی تربیتی شرکاء کوگلابی سنڈی کے کنٹرول کے لئے جنسی پھندوں کے استعمال کے فوائد،پی بی روپس کے صحیح طریقہ سے لگانے کا طریقہ،اس کی افادیت اور پنک بول وورم مشین بارے بھی شرکاء کو تفصیل سے آگاہی دی۔ اس سے پیشتر انہوں نے تربیتی شرکاء کو گلابی سنڈی کا تعارف، اس کا لائف سائیکل،طرز نقصان، اور معاشی نقصان کی حد معلوم کرنے کا طریقہ تفصیل کے ساتھ بتایا۔
ڈاکٹر رابعہ سعید کا کہنا تھا کہ کپاس کی جتنی اہمیت ہے اتنی ہی یہ حساس فصل بھی ہے اس لئے کپاس کے دیگر کیڑے مکوڑوں سے بھی بچاؤ کی حکمت عملی کے ذریعے کپاس کے کاشتکاروں زرعی ماہرین کی سفارشات پر عمل کرتے ہوئے زیادہ پیداوار لے سکتے ہیں اور اپنی فصل کو کپاس کے نقصان دہ کیڑوں سے محفوظ بنایا جا سکتا ہے۔
اس موقع پرشعبہ ٹرانسفر آف ٹیکنالوجی نے تربیتی شرکاء کو تربیتی لٹریچر بھی فراہم کیا۔ بعد اذاں تربیتی شرکاء کو ادارہ ہذا کے تجرباتی کھیتوں میں لے جایا گیا جہاں انہیں کپاس کی گلابی سنڈی سے متعلق عملی تربیت بھی فرام کی گئی اور اس موقع پر ماسٹر ٹرینی تربیتی شرکاء کے لئے کھیتوں میں پنک بول وورم مشین کا عملی مظاہرہ بھی پیش کیا گیا ۔
جسے شرکاء نے بے حد سراہا اور اس مشین کو کپاس کی گلابی سنڈی کے تدارک کے لئے نہایت مفید قرار دیا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button