آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے 3 سال مکمل، "پاکستان زندہ باد”
قوم 27 فروری کو آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے تین سال مکمل ہونے کا جشن منارہی ہے، وہ تاریخی دن جب پاک فضائیہ کے شاہینوں نے آزاد فضاؤں پر اپنی برتری ثابت کی اور بھارت کا غرور خاک میں ملایا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے پاکستان کے بھارت کے خلاف آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے تین سال مکمل ہونے پر ٹوئٹر پر پیغام جاری کیا ۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کو تین سال مکمل ہوگئے ہیں، آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ میں پاکستان نے بھارت کی ناکام جارحیت کا بھرپور جواب دیا تھا۔
میجرجنرل بابر افتخار نے لکھا کہ پاک فضائیہ کی جانب سے بھارت کے دو جنگی طیارے مار گرانا بڑی کامیابی تھی، اور پاک بحریہ نے سمندر میں بھارتی آبدوز کا سراغ لگایا۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ پاک فوج نے بھارتی جارحیت کا پیشہ ورانہ انداز میں موثر جواب دیا، مسلح افواج مادر وطنکے دفاع کے لئے پر عزم ہیں، قوم کا عزم اورمسلح افواج کی پیشہ ورانہ تیاری مشکل میں کامیابی کی کلید ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جارحیت کے جواب میں صرف ہتھیار اور تعداد نہیں بلکہ قوم کا عزم اورمسلح افواج کی آپریشنل تیاریاں کامیاب رہتی ہیں، پاکستان زندہ باد۔آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کی مناسبت سے پاک فضائیہ نے نغمہ جاری کیا ہے، نغمے میں آپریشن میں حصہ لینے والے ہیروز کو خراج تحسین پیش کیا گیا ہے۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق نغمہ ملک کے مایہ ناز گلوکار ‘ساحر علی بگا ‘نے گایا جبکہ عکسبندی پاکستان کے معروف ہدایت کار زوہیب قاضی نے کی۔
یاد رہے کہ آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کا آغاز لائن آف کنٹرول کے پار 6 بھارتی فوجی ٹارگٹس کا نشانہ بنانے سے شروع ہوا ، جس پر بھارت کی طرف سے مگ 21، ایس یو 30اور میراج 2000 بھجوائے گئے ، جن میں سے 2طیارے پاک فضائیہ کے شاہینوں کا شکار بنے ۔
بھارتی مگ 21طیارے کا ملبہ پاکستانی علاقے میں گرا اور اس کا پائلٹ ابھی نندن گرفتار ہوا، جبکہ بھارتی ایس یو 30طیارہ مقبوضہ کشمیر میں گرا ۔