Paid ad
Breaking NewsEducationتازہ ترین

ایمرسن یونیورسٹی ملتان: ڈیجیٹل دور کے چیلنجز سے ہم آہنگ گریجویٹس تیار

وائس چانسلر ایمرسن یونیورسٹی ملتان پروفیسر ڈاکٹر محمد رمضان نے کہا ہے کہ ایمرسن یونیورسٹی جدید دور کے تقاضوں کے مطابق طلبہ کو معیاری تعلیم فراہم کر رہی ہے تاکہ ڈیجیٹل دور کے چیلنجز سے ہم آہنگ گریجویٹس تیار کیے جا سکیں، اس مقصد کے لیے یونیورسٹی میں جدید آئی ٹی لیب کے قیام کا منصوبہ زیر غور ہے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز ایمرسن یونیورسٹی میں منعقدہ اسکالرشپ سرٹیفکیٹ تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ممبر سنڈیکیٹ، ایم پی اے بیرسٹر اسامہ فضل چوہدری نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب، محترمہ مریم نواز، اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے بھرپور محنت کر رہی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ 30 ہزار اسکالرشپس کا اجراء اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے، جبکہ مستقبل میں یہ تعداد ایک لاکھ تک بڑھانے کا منصوبہ زیر غور ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فروری میں پنجاب بھر کے ذہین طلبہ کے لیے لیپ ٹاپ اسکیم کا آغاز بھی کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ صوبائی وزیر برائے ہائر ایجوکیشن، رانا سکندر حیات، گوگل کے ساتھ رابطے میں ہیں اور کوشش کی جا رہی ہے کہ مستقبل میں طلباء کو گوگل سے بھی اسکالرشپس فراہم کی جا سکیں۔

بیرسٹر اسامہ فضل نے ایمرسن یونیورسٹی کی تیز رفتار ترقی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہر فورم پر ایمرسن یونیورسٹی کی نمائندگی کر رہے ہیں اور جلد ہی وزیر اعلیٰ پنجاب ایمرسن یونیورسٹی ملتان کا دورہ کریں گے۔

تقریب کے دوران 380 طلباء میں ہونہار اسکالرشپ سرٹیفکیٹس، 150 طلباء میں خصوصی اسکالرشپ سرٹیفکیٹس، 50 طلباء میں بیت المال اسکالرشپ سرٹیفکیٹس، 30 طلباء میں بیف اسکالر شپ سرٹیفکیٹس، 36 طلباء میں نیڈ بیسڈ اسکالر شپ سرٹیفکیٹس اور 36 طلباء میں میرٹ بیسڈ اسکالرشپ سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے۔

تقریب میں مختلف تعلیمی و سماجی شخصیات نے بھی شرکت کی اور اسکالرشپس کے اس اقدام کو سراہا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button