زرعی یونیورسٹی میں گندم کی فصل بارے سیمینار
ملتان ایم این ایس زرعی یونیورسٹی میں شعبہ فلاحت، انسٹیٹیوٹ آف پلانٹ بریڈنگ اینڈ بائیو ٹیکنالوجی اور پاکستان میٹرولوجی ڈیپارٹمنٹ اسلام آباد کے تعاون سے”گندم کی فصل کا موسم، بارشیں معمول سے کم ہونے کے امکانات اور بہتر گندم کی پیداوار کیلئے جدید انتظامات” کے موضوع پرسیمینار کا انعقاد کیا گیا۔
جس میں جامعہ زرعیہ کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف علی (تمغہ امتیاز) نے جدید ٹیکنالوجی اور موسم کی پیش گوئی نظام میں بہتری کے لئے زور دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ موسم کی اطلاعات کسانوں کے لئے بہت اہمیت اختیار کر گئی ہے جیسا کہ پچھلے سال مارچ اور اپریل میں گرمی کی لہروں اور خشک سالی کی وجہ سے گندم کی پیداوار میں کمی آئی، اور پاکستان کو گندم درآمد کرنا پڑی تھی۔
آج کا سیمینار اسی تناظر میں منعقد کیا گیا تاکہ بروقت موسم کی اطلاعات کسانوں تک پہنچائی جا سکیں۔
جامعہ زرعیہ پہلے ہی ایک مشترکہ منصوبہ پر کام کر رہی ہے جس میں تین سے سات دن تک کے موسم کی اطلاعات اور زرعی مشورہ جات کسانوں کو مہیا کئے جاتے ہیں تاکہ وہ اپنی فصلات کی بروقت نگہداشت کر سکیں۔
ڈائریکٹر پاکستان میٹرولوجی ڈپارٹمنٹ ڈاکٹر دلدار حسین کاظمی نے پاکستان میں گندم کی فصل کے دوران موسم کی پیش گوئی کے بارے میں کسانوں کو آگاہ کیا، ان کا کہنا تھا کہ بارشیں جنوری اور فروری کے مہینوں میں کم ہوں گی، جبکہ مارچ اور اپریل میں معمول سے زیادہ بارشیں ہونے کے امکانات ہیں۔
اس کے علاوہ ڈاکٹر عبدالغفار(چیئرمین شعبہ فلاحت, زرعی یونیورسٹی ملتان) نے گندم کی فصل کی بہتر پیدوار اور نگہداشت بوائی سے لے کر برداشت تک کے تمام مراحل کا تفصیلی جائزہ لیا، اور کسانوں کی رہنمائی کی جس میں موجودہ جدید گندم کی فصل کی بوائی کے طریقے اور آبپاشی کی بچت کے جدید نظام پر تحقیق کے نتیجے کسانوں کو مہیہ کئے گئے ہیںش گندم کی زیادہ پیداوار کو یقینی بنایا جائے۔
ڈاکٹر محمد حبیب الرحمٰن (ایسوسی ایٹ پروفیسر) نے موسم کی پیشن گوئی اور گندم کی بہتر پیداوار کے لئے جامعہ حکمت عملی پر بحث کی کہ کیسے کسان کھادوں کا معقول استعمال کریں تاکہ گرین ہاوس گیس کم سے کم پیدا ہوں اور ماحول کی بہتری کے لئے اقدامات پر زور دیا۔
ڈاکٹر محمد ارسلان نے گندم کی فصلی کی بیماریوں جو کہ موسمی حالات کے تبدیل ہونے سے وقو ع پذیر ہوئی ہیں ان کی اقسام اور ان سے نمٹنے کے لئے حکمت عملی پر بحث کی اور جدید طریقے پر کاشت اور بیماریوں کے کنٹرول کسانوں کو بتائے اس کے علاوہ ڈاکٹر محمود عالم خان نے موجودہ گندم کی بیماریوں اور ان کے تدارک کے لئے حکمت عملی موثر طور پر کسانوں کے لئے سفارشات بیان کیں۔
اس موقع پر ڈاکٹر خرم مبین، ڈاکٹر شاہد اقبال،ڈاکٹر راو محمد اکرام سمیت دیگر فیکلٹی اور ایک سو پچاس سے زائد سامعین جو کہ گندم کے کاشتکار, محکمہ توسع زراعت, ساؤتھ پنجاب ایگیرکلچر فورم, اور تحقیق کے ادارے پر مشتمل تھے، کے علاوہ پنجاب کی تمام زرعی یونیورسٹیاں اور زرعی کالجز کے استاتذہ اور طلباء نے خصوصی شرکت کی-