Paid ad
Breaking NewsEducationتازہ ترین

سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب نے جدید مانیٹرنگ سسٹم متعارف

سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ جنوبی پنجاب کا منفرد اقدام، طلباء و طالبات کی تعلیمی کارکردگی ، امتحانی نتائج، ذہنی و جسمانی صحت اور عمومی رویوں سے باخبر رہنے کے لیے جدید مانیٹرنگ سسٹم متعارف کرا دیا۔

سٹوڈنٹس پرفارمنس ٹریکنگ سسٹم کے تحت محکمہ تعلیم کے ساتھ ساتھ اساتذہ اور والدین انفرادی طور پر ہر طالب علم کی کارکردگی پر نظر رکھ سکیں گے۔

طالب علم ، اس کے والدین اور دیگر بہن بھائیوں کی تعلیمی، پیشہ وارانہ اور مالی تفصیلات بھی سسٹم میں فراہم کی جائیں گی۔

تفصیلات کے مطابق سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ جنوبی پنجاب نے سرکاری سکولوں کے طلبہ کی تعلیمی کارکردگی، ذہنی و جسمانی صحت اور عمومی رویوں سے باخبر رہنےکے لیے آن لائن بنیادوں پر جدید مانیٹرنگ سسٹم متعارف کروایا ہے۔

سٹوڈنٹس پرفارمنس ٹریکنگ سسٹم کے تحت نہ صرف طالب علم بلکہ اس کے والدین اور بہن بھائیوں کی تعلیمی، پیشہ وارانہ اور مالی تفصیلات فراہم کی جائیں گی ، جس سے اساتذہ طالب علم کی مکمل تعلیمی کاکردگی،خاندانی پس منظر، عمومی رویے اور ذہنی و جسمانی صحت کا مکمل جائزہ لے سکیں گے، اور ہر بچے کو اس کے خصوصی حالات اور ضروریات کے مطابق رہنمائی فراہم کی جائے گی۔

اس سسٹم کے تحت ہر استاد اپنے مضمون کے حوالے سے طالب علم کے بارے میں اپنی رائے دے گا، اور اس مضمون میں طالب علم کی خوبیوں اور کمزوریوں پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے معلومات کو ہرتین ماہ بعد اپ ڈیٹ کرے گا۔

طالب علم کے ماہانہ ٹیسٹ اور سالانہ امتحان وغیرہ کے نتائج بھی سسٹم میں فراہم کیے جائیں گے۔

سٹوڈنٹس پرفارمنس ٹریکنگ سسٹم طلبہ کی حاضری، نظم و ضبط، وقت کی پابندی، صفائی ستھرائی اور ذاتی حفظان صحت وغیرہ کے حوالے سے بھی عمومی تفصیلات فراہم کرے گا ، اور ہر طالب علم کی جسمانی اور ذہنی صحت کے ساتھ ساتھ عمومی صحت کے بارے میں بھی معلومات مہیا کر کے اسے محکمہ صحت کے ڈیٹا سے منسلک کیا جائے گا تاکہ کسی بیماری کی صورت میں طالب علم کا بروقت علاج یقینی بنایا جا سکے۔

اساتذہ کی والدین کے ساتھ ہونے والی میٹنگز کا ریکارڈ بھی سسٹم پر اپ لوڈ کیا جائے گا۔

سٹوڈنٹس پرفارمنس ٹریکنگ سسٹم کے لاگ ان والدین کو بھی فراہم کیے جائیں گے تاکہ وہ اپنے بچوں کی تعلیمی کارکردگی کے ہر پہلو پر نظر رکھ سکیں۔

یہ نظام اساتذہ اور والدین کے درمیان دو طرفہ رابطہ بھی قائم کرے گا کیونکہ اس میں آن لائن پیغامات بھیجنے کا بھی انتظام ہے۔ سٹوڈنٹس پرفارمنس ٹریکنگ سسٹم کو ابتدائی طور پر گورنمنٹ بوائز کمپری ہینسو ہائیر سیکنڈری سکول ملتان میں متعارف کرایا گیا ہے ۔

بعدازاں اس کا دائرہ کار جنوبی پنجاب کے تمام سرکاری سکولوں تک بڑھا دیا جائے گا۔

سیکرٹری سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ جنوبی پنجاب ڈاکٹر احتشام انور کے مطابق سٹوڈنٹس پرفارمنس ٹریکنگ سسٹم ہر بچے کی جسمانی، ذہنی اور تعلیمی نشوونما پر نظر رکھنے کا ایک مفصل نظام ہے، انہوں نے کہا کہ سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ جنوبی پنجاب نے یہ سافٹ ویئر معاشرے کے وسیع تر مفاد میں تیار کیا ہے، اور اس لیے اسے دیگر پبلک سیکٹر اداروں کے ساتھ ساتھ نجی سکولوں کو بھی ممکنہ طور پر اپنانے کے لیے فراہم کیا جا سکتا ہے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button